چین اور کینیڈا نے تصفیے کے بعد ایک دوسرے کے 3 سال سے قید شہریوں کو رہا کردیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 18:12

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) چین اور کینیڈا نے تصفیے کے بعد ایک دوسرے کے 3 سال سے قید شہریوں کو رہا کردیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق کینیڈا نے 2018 سے قید چین کی موبائل کمپنی ہواوے کی چیف فنانشل ایگزیکٹو مینگ وانڑو کو امریکی پراسیکیوٹرز کے ساتھ معاہدے کے تحت رہا کردیا۔ہواوے کی ایگزیکٹو کی رہائی کے بعد چین نے بھی کینیڈی شہریوں مائیکل اسپاور اور مائیکل کوورگ کو رہا کر دیا۔

مائیکل کوورگ ایک سابق سفارت کار ہیں جو برسلز میں قائم ایک تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے ملازم ہیں۔رہائی پانے والے دوسرے کینیڈی شہری مائیکل اسپاور ایک ایسی تنظیم کے بانی رکن ہیں جو شمالی کوریا کے ساتھ بین الاقوامی کاروباری اور ثقافتی تعلقات کو سہولت فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

چین میں مائیکل اسپارو کو جاسوسی کے الزام میں گزشتہ برس ہی 11 سال قید کی سزا سنائی تھی اور مائیکل کوورگ کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا تھا تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین نے ایسا سیاسی سودے بازی کے لیے کیا تھا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے شہریوں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں باہمت شہریوں نے صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے بھی کہا کہ چین کے اس اقدام سے خوش ہیں۔