افغان صوبہ ہرات میں طالبان فورس نے چار اغواء کاروں کو فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک کردیا

ایک اغواء کار کی لاش شہر کے مرکزی چوراہے پر لٹکا دی ،طالبان فورس نے مغوی باپ بیٹے کو بحفاظت بازیاب کرلیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 18:31

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) افغان صوبہ ہرات میں طالبان فورس نے چار اغواء کاروں کو فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک کردیا اور بعدازاں ایک اغواء کار کی لاش شہر کے مرکزی چوراہے پر کرین سے لٹکا دی جبکہ طالبان فورس نے مغوی باپ بیٹے کو بحفاظت بازیاب کرلیاتاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک طالب اور ایک شہری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی و غیرملکی میڈیا کے مطابق ہرات شہر میں گزشتہ روزچار مبینہ اغواء کاروں نے باپ بیٹے کو اغواء کردیا جس پر طالبان فورس نے کاروائی کرتے ہوئے اغواء کاروں کے ٹھکانے پر دھاوا بول دیا۔ بتایاجاتا ہے کہ اغواء کاروں اور طالبان فورس کے اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چاروں اغواء کار ہلاک کردیئے گئے جبکہ فائرنگ کی زدمیں آکر ایک طالب اور ایک شہری بھی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق دونوں مغوی باپ بیٹے کو اغوء کاروںکے چنگل سے بحفاظت چھڑالیا گیا۔میڈیا نے مقامی افراد کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ بعدازاں طالبان نے ایک اغواء کار کی لاش شہر کے مرکزی چوراہے میں کرین سے لٹکا دی اور مقامی لوگوں سے کہا کہ چار اغواء کاروں نے باپ بیٹے کو اغواء کرلیا تھا جنہیں یہ سزادی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق باقی تین اغواء کاروں کی لاشیں بھی ممکنہ طورپر دیگر چوراہوں میں لٹکادی گئیں تاہم فوری طورپر مزید معلومات حاصل نہیںہوسکیں۔