Live Updates

عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر عالمی رہنمائوں کے لیے ایک جامع پالیسی سٹیٹمنٹ ہے ‘ فیاض الحسن چوہان

وزیر اعظم نے عالمی طاقتوں کی مدد سے غریب ملکوں میں غربت کے خاتمے اور آئندہ نسلوں پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بات کی

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو عالمی رہنمائوں کے لیے ایک جامع پالیسی سٹیٹمنٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے تمام معاشروں میں برابری، عالمی طاقتوں کی مدد سے غریب ملکوں میں غربت کے خاتمے اور آئندہ نسلوں پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بات کی۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چھوٹے اور غریب ممالک کے استحصالی حکمرانوں کی جانب سے منی لانڈرنگ کی رقوم امیر ممالک میں رکھنے کو غربت اور وسائل کی غیر مناسب تقسیم کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے منی لانڈرنگ کے 7 کھرب ڈالر امیر ملکوں میں پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم عمران خان نے دنیا بالخصوص بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کی طرف دنیا کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی ناک تلے 9 لاکھ کشمیریوں کا استحصال کر رہا ہے۔

بھارت میں ہندوتوا کا بڑھتا رجحان خطے میں دیرپا امن کے لیے خطرہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات آنے والی نسلوں کے لیے نقصان دہ ہیں جس سے ہر ممکن طور پر بچا کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی دیگر ملکوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہر انسان کو ویکسی نیشن کی مفت اور جلد فراہمی کے لیے عالمی طاقتیں میدانِ عمل میں آئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات