موٹر وے کے ذریعے سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی

بسوں ، ریل گاڑیوں ، ٹیکسی ڈرائیوروں ، اور ہوم ڈیلیوری سروس والے اسٹاف کے لیے لازمی کورونا ویکسی نیشن کی شرط عائد ، محکمہ داخلہ سندھ نے ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق کورونا ایس او پیز کا نیا حکم نامہ جاری کر دیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 11:08

موٹر وے کے ذریعے سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) صوبہ سندھ میں صوبائی حکومت کی جانب سے موٹر وے کے ذریعے سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی ، محکمہ داخلہ سندھ نے ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق کورونا ایس او پیز کا نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں بسوں ، ریل گاڑیوں ، ٹیکسی ڈرائیوروں ، اور ہوم ڈیلیوری سروس والے اسٹاف کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے ، عملے کی ویکسی نیشن نہ کرانے والے بس اسٹینڈز اور بسوں کو سیل کر دیا جائے گا ، جب کہ ویکسینیشن کارڈ نہ رکھنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا جس کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور انتظامیہ کو سخت ایکشن لینے کا حکم بھی دے دیا اور ہدایت کی ہے کہ 26 اور 27 ستمبر کو خصوصی طور پر کورونا ویکسی نیشن کارڈ لازمی چیک کریں ، احکامات پر عمل درآمد کے لیے صوبے کے تمام کمشنرز کو بھی ہدایت جاری کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ادھر عالمی ادارہ صحت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے،پاکستان میں کنٹری سربراہ پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ پاکستان میں مکمل ویکسین یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ، دنیا میں بعض ممالک میں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ڈیلٹا کیسز اور شرح اموات میں کمی رہی، اسمارٹ لاک ڈاؤ ن کی حکمت عملی کامیاب رہی ، اس کے علاوہ پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ویکسین کم ہونے کے باوجود کیسز کم رہے۔

میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان ویکسین لگانے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، پاکستان ایک روز میں 10 لاکھ ویکسین خوراکیں لگا رہا ہے، پاکستان کی ویکسین لگانے کی مہم انتہائی تیز اور مئوثر ہے، پاکستان میں مکمل ویکسی نیشن یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اسی طرح پاکستان میں جزوی ویکسی نیشن والوں کی تعداد 40 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اس کے برعکس دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں ویکسین وافراور ویکسی نیشن زیادہ ہونے کے باوجود کورونا کیسز کی تعداد زیاد ہ ہے۔