عمرشریف کیلئے ایئر ایمبولینس آج پہنچے گی‘ امریکہ روانگی کا شیڈول جاری

ایئرایمبولینس آج شب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی اور صبح 5:30 پر امریکہ کے لیے ٹیک آف کرے گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 11:43

عمرشریف کیلئے ایئر ایمبولینس آج پہنچے گی‘ امریکہ روانگی کا شیڈول ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) پاکستان کے کامیڈی لیجنڈ عمرشریف کیلئے ایئر ایمبولینس آج کراچی پہنچے گی‘ امریکہ روانگی کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایئرایمبولینس 26 ستمبر کی درمیانی شب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی ، ایئر ایمبولینس کو واپسی کے سفر کے لیے جناح ٹرمینل رن وے اور ٹارمک پر ری فیولنگ کروائی جائے گی جب کہ عمر شریف کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال سے صبح 4:30 پر کراچی ایئر پورٹ پہنچایا جائے گا جس کے بعد میڈیکل ایئر کرافٹ صبح 5:30 پر واشنگٹن امریکہ کے لیے ٹیک آف کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ایئر ایمبولینس کا پہلا سٹاپ نیو ریمبرنگ جرمنی پر ہوگا ، اس دوران ایئر ایمبولینس تبدیل کی جائے گی ، اگلے مرحلے میں ایئر ایمبولینس کو کیفلاوک آئس لینڈ سے ری فیولنگ ہوگی جس کے بعد آخری مرحلے میں گوس بے کینیڈا میں 2 گھنٹے کے وقفے کے بعد ایئر ایمبولینس امریکہ جائے گی اور یہ پرواز امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 4:30 پر واشنگٹن ڈی سی ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی جہاں سے شام 5 بجے عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایئر ایمبولینس کی آمد اور روانگی کے حوالے سے درخواست موصول ہوچکی ہے ، اداکار کی بیرون ملک منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس کو اجازت دینے کے بعد سی اے اے حکام تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے کر ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے یہ ہدایات باقاعدہ نوٹی فیکشن کے ذریعے دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ کنگ آف کامیڈی اور معروف اداکار عمر شریف کو ویزا جاری کر دیا گیا ہے ، جس کیے لیے امریکی سفارتخانے نے عمر شریف کو علالت کے باعث انٹرویو سے بھی استشنیٰ دیا ، ان کے اہلخانہ نے اس تمام پراسس میں تعاون پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکہ کے ویزے ایشو ہو گئے ہیں ، اب وہ جلد اپنے علاج کے لئے امریکہ روانہ ہوں گے ، وزیراعظم صاحب دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی عمر شریف صاحب کو جلد صحتیاب کرے۔