Live Updates

اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا معاملہ ، احسن اقبال نے بھی مخالفت کردی

اگر اپوزیشن نے اسمبلیوں سے استعفے دیے تو عمران خان الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں والا قانون منظور کروالیں گے۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 11:55

اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا معاملہ ، احسن اقبال نے بھی مخالفت کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے دوران اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی احسن اقبال نے بھی مخالفت کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن نے اسمبلیوں سے استعفے دیے تو عمران خان الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں والا قانون منظور کروالیں گے۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حزب اختلاف کے اراکین اسمبلیوں سے مستعفی ہوگئے تو عمران خان ووٹر لسٹیں بنانے کا کام بھی الیکشن کمیشن سے لے کر نادرا کو دے دیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں احسن اقبال نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کسی قابل ذکر سربراہ مملکت نے ملاقات کا وقت نہیں دیا، کیوں کہ افغانستان کی وجہ سے پاکستان پر بدترین سفارتی دباؤ ہے ، شرمندگی سے بچنے کیلئے جنرل اسمبلی سے ویڈیو خطاب پر ہی صبروشکر فرمایا ، وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نہ جانا غیردانشمندانہ فیصلہ ہے ، دوسری اطلاع ہے کہ سمندر کے اوپر اڑنے سے منع کیا گیا ہے، واقفان حال تصدیق فرمائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے پاکستان بدترین سفارتی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے ہمارے وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نہ جانا اور اہم سربراہان مملکت سے ملاقاتیں نہ کرنا نہایت غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے جبکہ ہمسایہ ملک اس موقع کا ہمارے خلاف بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے کیوں کہ ہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم عمران نیازی کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کسی قابل ذکر سربراہ مملکت نے ملاقات کے لئے ٹائم نہیں دیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات