اپوزیشن شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کرتی رہے،ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے،غلام نبی

صوبائی اسمبلی سے عوامی توقعات کے مطابق قوانین کی منظوری اپوزیشن کے لیے ڈرائونا خواب ہیں ،میڈیا کوآرڈینیٹروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

اتوار 26 ستمبر 2021 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2021ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام نبی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور سازشوں کے باوجود عوامی فلاح کے قوانین کو پاس کروانے میں کامیاب ہو گئی ۔ تم شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کرتے رہو ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ خواتین کاوراثت میں حصہ کا قانون ہو یا ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کا قانون سمیت دیگر تمام قوانین و قرادادیں ہوں اپوزیشن کے دور کے پیدا کردہ مسائل کو بالاخر موجودہ حکومت حل کر رہی ہے۔

ان کامیابیوں کا سہرا سپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی وزیر قانون اور تمام اراکین صوبائی اسمبلی کو جاتا ہے جنہوں نے عوام سے کئے گئے وعدے کا پاس رکھا۔

(جاری ہے)

صوبائی اسمبلی سے عوامی توقعات کے عین مطابق قوانین کو منظور ہونا اپوزیشن کے لیے ایک ڈرائونا خواب بن چکا ہے۔ ان پے درپے کامیابیوں سے اپوزیشن ممبران کے اوسان خطا ہو چکے ہیں انکے پاس سوائے ہنگامہ آرائی کے اور کو ئی لائحہ عمل نہیں ہے۔

آخری حربے کے طور پر عوام کو لسانی اور فرقہ وارانہ بنیاد پر اکسانے کی کوششیں بھی ناکام ہو چکیں ہیں۔ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو گزشتہ حکومتوں کے چھوڑے گئے مسائل کا انبار ورثے میں ملا ہے جسکے حل لیے وزیراعلی ، وزارت قانون، خزانہ اور منصوبہ بندی کی وزارتوں کے علاوہ دیگر وزارتیں مکمل ہم آہنگی سے آگے بڑھ رہیں ہیں۔