ورلڈ بینک،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ریفارمز کیلئے 1600 ملین ڈالر فراہم کریگا، سیکرٹری بلدیات سندھ

اتوار 26 ستمبر 2021 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2021ء) سیکرٹری بلدیات سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہاہے کہ ورلڈ بینک،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ریفارمز کے لیے 1600 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو سمری ارسال کردی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بلدیات سندھ نے کہاکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں نجی شعبے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر یا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دی جائے، واٹر بورڈ میں نجی شعبے سے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس تقرر کرنے کی منظوری دی جائے۔

سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ریفارمز کے لیے 1600 ملین ڈالر فراہم کرے گا، واٹر بورڈ میں ریفارمز کے پہلے مرحلے کا آغاز 2021 سے کیا جارہا ہے۔سیکرٹری بلدیات سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی منظوری کے بعد واٹر بورڈ نجی شعبے کے حوالے کرنے کا آغاز ہوجائے گا، واٹر بورڈ کو پرائیویٹائز کرنے کے خلاف واٹر بورڈ ملازمین احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں۔