حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا انتخابی نظام زبردستی مسلط کرنا چاہتی ہے،راجہ پرویز اشرف

حکومت کو چاہئے ملک میں شفاف انتخابی نظام کیلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے سابق وزیر اعظم کی ملکوال میں دربار بہگام شریف پر حاضری، سید آغا بیدار بخت ؒ کی وفات پراظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

پیر 27 ستمبر 2021 01:40

گوجرخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا انتخابی نظام زبردستی مسلط کرنا چاہتی ہے، حکومت کو چاہئے ملک میں شفاف انتخابی نظام کیلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے۔سابق وزیر اعظم نے گزشتہ رات ملکوال میں دربار بہگام شریف پر حاضری، پیر سید آغا بیدار بخت رحم اللہ علیہ کی وفات پر سجادہ نشین پیر سید ابن الحسن گیلانی ، صاحبزادگان سید شبیہ الحسن گیلانی پیر سید وجیہہ الحسن گیلانی سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے نے کہا ہے کہ پیر سید آغا بیدار بخت گیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی وفات سے پاکستان اور بالخصوص اس علاقہ میں بسنے والے لوگ ایک عظیم علمی، ادبی اور روحانی شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں اور اس علاقہ میں دین کے حوالہ سے کی گئیں خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا بعد ازاں راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا انتخابی نظام زبردستی مسلط کرنا چاہتی ہے حکومت کو چاہئے کہ ملک میں شفاف انتخابی نظام کیلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے حکومت کا نہیں لیکن اپنے ہی بنائے ہوئے الیکشن کمیشن کی مخالفت پر ڈٹے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو یورپ سمیت دیگر ممالک نے بھی ناقابلِ عمل قرار دے کر مسترد کر دیا ہے کیونکہ اس کیلئے ووٹرز کو بھی تربیت دینا ہو گا سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر نے کہا کہ ہم عوامی طاقت کے ذریعے الیکشن پر یقین رکھتے ہیں پیپلز پارٹی نہ کبھی چور دروازے سے اقتدار میں آئی ہے اور نہ آئے گی ۔