چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر لاڑکانہ میں منعقد کی گئی کھلی کچہری میں شہریوں سے زیادہ سرکاری ملازمین کی شرکت

Shehzad Ali Khan شہزاد علی خان پیر 27 ستمبر 2021 13:46

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) لاڑکانہ کے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے شہر کے جناح باغ کے بیگم نصرت بھٹو لائبریری ہال میں منعقدہ کھلی کچہری میں پیپلز پارٹی رہنما اور صوبائی وزیر اسماعیل راہو سمیت وزیر اعلی سندھ کی معاون حنا دستگیر نے شرکت کی جہاں کھلی کچہری کے دوران جناح باغ کے تینوں مرکزی گیٹس تالے لگے بند نظر آئے، کھلی کچہری میں شہریوں کی شرکت کم جبکہ سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد ہال میں کرسیوں پر موجود رہی، باغ جناح میں سرکاری گاڑیوں کی بھی بھرمار دیکھنے میں آئی، زیادہ تر عام شہری کھلی کچہری سے لاعلم رہے تاہم شکایات لے کر پہنچنے والے چند شہریوں میں سماجی رہنما ارسلان حبیب چانڈیو ہال میں کرسیوں پر سرکاری ملازمین پر برہم دکھائی دیے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بدامنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، ہیلتھ اشوز بہت زیادہ ہیں لیکن کرسیوں پر سرکاری ملازمین ہے جو شکایات نہ کر سکیں، دوسری جانب بزرگ شہری سرکاری ملازمین پر برس پڑے جن کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین دفاتر میں نہیں بیٹھتے، سرکاری کاموں کے لیے رشوت لیتے ہیں، خود مجھ سے کبھی دس ہزار کبھی پانچ ہزار لے کر کام نہیں کیا، جس پر صوبائی وزیر نے کسی انکوائری کے احکامات تو نہ دیے البتہ پیپلز پارٹی سٹی صدر خیر محمد شیخ نے بزرگ کو چپ کرنے کا کہہ کر کام کرانے کی یقین دہانی کروا دی۔