سعودیہ ؛ پاکستانی خاتون کے ہاں گھر میں بچے کی ولادت کے دوران نومولود کا سر دھڑ سے جدا

مکہ مکرمہ میں خاتون کا پیچیدہ زچگی کیس بغیر آپریشن کے گھر میں انجام دیا جارہا تھا کہ اس دوران نومولود کا ہاتھ والدہ کے رحم سے باہر تھا جب کہ ولادت کی کوشش میں بچے کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 ستمبر 2021 14:06

سعودیہ ؛ پاکستانی خاتون کے ہاں گھر میں بچے کی ولادت کے دوران نومولود ..
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں پاکستانی خاتون کی گھر میں بچے کی ولادت کے دوران نومولود کا سر دھڑ سے جدا ہو گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں پیش آیا جہاں ایک پاکستانی خاتون کے ہاں گھر میں زچگی کیس کے دوران صورت حال انتہائی پیچیدہ رخ اختیار کرگئی اور بچے کی ولادت کے دوران نومولود کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں بچوں کے ایک ہسپتال میں خاتون کو تشویشناک حالت میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے زچگی کا عمل مکمل کروانے کے بعد معلوم ہوا کہ نومولود مردہ ہے اور اس کا سر نہیں ہے ، اس پر ڈاکٹروں نے اہل خانہ سے دریافت کیا تو پتہ چلا کہ خاتون کا پیچیدہ زچگی کیس بغیر آپریشن کے گھر میں انجام دیا جارہا تھا کہ اس دوران نومولود کا ہاتھ والدہ کے رحم سے باہر تھا جب کہ ولادت کی کوشش میں بچے کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا ، اس کے بعد اہل خانہ بچے کا سر ہسپتال لائے تو انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کردی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرلی جب کہ خاتون کی حالت بہتر ہونے پر اسے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تاہم دھڑ سے جدا بچے کی لاش سرد خانے منتقل کر دیا گیا جہاں ہسپتال ہی میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جب کہ یہ معاملہ پولیس کے سپرد کیا گیا جس نے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ دوسری طرف مکہ مکرمہ میں مقیم ایک خاتون نے 20 سال بے اولاد رہنے کے بعد ایک بیٹے کو جنم دیا ہے ، یہ خاتون بانجھ پن کا شکار تھی ، 20 سال تک یہ خاتون مختلف مقامات سے علاج کراتی رہیں، مگر بانجھ پن کا مسئلہ ختم نہ ہوا ، بالآخر مکہ کے میٹرنٹی ہسپتال کے شعبہ زچگی کی سربراہ ڈاکٹر ہند احمدوہ نے ان کا علاج شروع کیا اور اللہ کی رحمت سے ان خاتون کا بانجھ پن دُور ہو گیا اور انہیں حمل ٹھہر گیا۔

خاتون نے گزشتہ روز اسی ہسپتال میں ایک بچے کو جنم دیا ہے ، جس پر میاں بیوی بہت خوش ہیں جنہیں سالوں کے انتظار کے بعد والدین بننے کی خوشی نصیب ہوئی ، اس موقع پر ماں بننے والی خاتون نے کہا ہے کہ جن خواتین کی اولاد نہیں ہوتی، وہ کبھی مایوس نہ ہوں، اچھے ڈاکٹر سے علاج کروائیں اور سب سے بڑھ کر اللہ پر بھروسا رکھیں۔