Live Updates

سندھ حکومت سندھ کے لوگوں کو گٹر کا پانی پلارہی ہے، سندھ میں 85 لاکھ لوگ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں،حلیم عادل شیخ

بلاول زرداری اور مراد علی شاہ سندھ کے لوگوں کو سلو پوائزن دے رہے ہیں، سندھ حکومت کاہوا پر بس نہیں چلتا ورنہ اس پر بھی قبضہ ہوجاتا، اپوزیشن لیڈر سندھ

پیر 27 ستمبر 2021 14:36

سندھ حکومت سندھ کے لوگوں کو گٹر کا پانی پلارہی ہے، سندھ میں 85 لاکھ لوگ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے پنیاری نہر میں گٹر کا پانی چھوڑنے پر سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے عوامی شکایات پر پنیاری نہر کا دورہ کیا، جس میں انہوں نے گٹروں کا پانی براہ راست پنیاری نہر میں چھوڑے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ کے لوگوں کو گٹر کا پانی پلارہی ہے، سندھ میں 85 لاکھ لوگ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں۔ بلاول زرداری اور مراد علی شاہ سندھ کے لوگوں کو سلو پوائزن دے رہے ہیں۔ سندھ حکومت کاہوا پر بس نہیں چلتا ورنہ اس پر بھی قبضہ ہوجاتا۔انہوں نے کہاکہ مرتضی وہاب 6 سال سے ماحولیات کے وزیر رہے یہ ان کی ذمہ داری تھی۔

(جاری ہے)

سکھر شہر کا سارا گندہ پانی دریائے سندھ میں جاتا ہے۔

شکارپور شہر کے گٹر کا پانی بغاری نہر میں جاتا ہے، جو لوگ پینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لاڑکانہ شہر کے گٹروں کا پانی رائیس کینال میں جاتا ہے۔ دادو اور قرب جوار کے گٹروں کا پانی ایم این وی ڈرین میں جاتا ہے۔ حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں کا گندہ پانی پھلیلی اکرم واہ پنیاری میں جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد نوری آباد اور کوٹری کے صنعتی ایریاز کا زہریلا پانی اور فضلہ براہ راست کے بی فیڈر میں داخل ہو رہا ہے۔ حیدرآباد کینجھر تباہ ہونے جارہی ہے، منچھر حمل مکمل تباہ ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد سندھ میں بیٹھے حکمران وہ لوگ ہیں جنہوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات