لاہور چیمبر اور آئی پی او کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 27 ستمبر 2021 17:34

لاہور چیمبر اور آئی پی او کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اننٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے صنعت و تجارت کے مفادات اور انٹیلیکچول پراپرٹی رائٹس کے بارے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح اور ڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان نے دستخط کیے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر راہر منظور چودھری، ایگمیکٹو کمیٹی ممبران حارث عتیق اور مردان علی زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کی رو سے آئی پی او لاہور چیمبر میں ٹیکنالوجی و انوویشن سپورٹ سنٹر قائم کرے گا جو لاہور چیمبر کے ممبران کی ضروریات کے مطابق خدمات مہیا کرے گا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر اس سنٹر کو چلانے کے لیے مطلوبہ انتظامی سہولیات دے گا اور ایک فوکل پرسن بھی نامزد کرے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں انٹیلیکچول پراپرٹی رائٹس اور ٹریڈ مارک نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اس سلسلے میں آئی پی او کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر میں ''ون ونڈو سمارٹ سروسز'' کے تحت مختلف ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جو لاہور چیمبر کے ممبران کو بہت سی خدمات اور ضروری معلومات فراہم کرتے ہیں۔

میاں طارق مصباح نے کہا کہ ’’ٹیکنالوجی اور انوویشن سپورٹ سینٹر‘‘کے قیام سے لاہور چیمبر کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں اضافہ ہوگا۔ شازیہ عدنان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت بہت دور رس نتائج کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات دینے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔