Live Updates

ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی ،اولمپیئن طلحہ طالب اور کوہ پیما کاشف سے فراڈ کرنے والے ملزم گرفتار

پیر 27 ستمبر 2021 20:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے اولمپیئن طلحہ طالب اور کوہ پیما کاشف سے فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اقبال کے مطابق سائبرکرائم سیل نے ملزم شہزاد عزیز ملک کو لاہور کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا۔ ملزم سے دفتر خارجہ کی جعلی مہریں اورکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔

ملزم نے طلحہ طالب سے گاڑی دینے کی مد میں 3 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم لوٹی تھی۔ طلحہ طالب کے والد نے وزیراعظم پورٹل پہ شکایت درج کرائی جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیاتھا۔ ایف آئی اے سائبرکرائم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا۔طلحہ طالب کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں کہا گیا تھا کہ کسی شخص نے وفاقی وزیر بن کر گاڑی دینے کی پیش کش کی اور ٹیکس و گاڑی رجسٹرڈ کروانے کی مد میں لاکھوں روپے فوری موبائل اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا کہا، انہوں نے وفاقی وزیر کا سن کر لاکھوں روپے منتقل کر دیے ‘فون کال پر کہا گیا کہ آپ ہمیں 3 لاکھ پچیس ہزار ٹرانسفر کریں اور کل ڈرائی پوٹ سے گاڑی موصول کر لیں۔

(جاری ہے)

شہروز کاشف کے والد محمد کاشف نے بھی کہا تھا کہ انہیں فون کال آئی جس میں وفاقی وزیر بن کر گاڑی دینے کا دعوی کیا گیا اور ہمیں 2 لاکھ 85 ہزار روپے جمع کروانے کو کہا گیا، ہم نے بھی 2 لاکھ 85 ہزار ان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات