برطانیہ اور یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے خوشخبری سنا دی گئی

یورپی یونین اور برطانیہ کے تمام خدشات دور کر دئیے، رواں سال میں برطانیہ اور یورپی یونین کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہو جائیں گی: وفاقی وزیر غلام سرور خان

muhammad ali محمد علی پیر 27 ستمبر 2021 23:46

برطانیہ اور یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) برطانیہ اور یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے خوشخبری سنا دی گئی، یورپی یونین اور برطانیہ کے تمام خدشات دور کر دئیے گئے، رواں سال میں برطانیہ اور یورپی یونین کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوئے قومی اسمبلی اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے پی آئی اے کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنائی۔

پی پی پی کی رکن شازیہ صوبیہ اسلم کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سرور خان نے کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے تمام خدشات دور کر دئیے ہیں، یورپی یونین نے ٹیم بھیج کر آڈٹ کرانے کا کہا ہے ،یورپی یونین کی ٹیم 15 نومبر کو آ رہی ہے ،پندرہ نومبر سے 29 نومبر تک ٹیم آڈٹ کریگی، رواں سال پی آئی اے کا آپریشن بحال ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر غلام سرور خان نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں قومی اسمبلی کو بتایا کہ پی آئی اے سے ان لوگوں کو نوکریوں سے نکالا ہے جن کی ڈگریاں جعلی تھیں، سپریم کورٹ کے حکم پر ان ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے جاوید حسنین نے پوچھا کہ کتنے پائلٹ جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے؟ اس کے جواب میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بتایا کہ 267 پائلٹس کی ڈگریوں پر سوالات تھے جن میں سے 50 کی ڈگریاں جعلی نکلیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران شازیہ مری نے چیئرمین پی آئی اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود ہی اپنی تنخواہ دوگنا بڑھا لی مگر چھوٹے ملازمین کی تنخواہ نہیں بڑھائی اس پر وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ تنخواہ بڑھنے کا ایک سرکاری طریقہ کار ہے اسی پر عمل کیا جارہا ہے۔