اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے فضائی سفر مزید مہنگا ہو گیا

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک کا سفر کرنے والے مسافروں کے ٹکٹ پر ہزاروں روپے کی اضافی فیس عائد کر دی

muhammad ali محمد علی منگل 28 ستمبر 2021 00:08

اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے فضائی سفر مزید مہنگا ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے فضائی سفر مزید مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون اور بیرون ملک کا سفر کرنے والے مسافروں کے ٹکٹ پر ہزاروں روپے کی اضافی فیس عائد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی اے اے کی جانب سے کسی بھی ائیرلائن سے بیرون ملک سفر کرنے والوں پر 4500 روپے جبکہ اندرون ملک سفر کرنے والوں پر 500 روپے ایمبارکشن فیس عائد کی گئی ہے۔

مسافروں سے ایمبارکشن فیس ٹکٹ کی بکنگ کے وقت وصول کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان میں آپریٹ ہونے والی تمام ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنز کو نوٹی فائی کر دیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رواں سال مئی کے ماہ بھی فضائی سفر کرنے والے مسافروں پر ایمبارکشن اور سیکورٹی فیس عائد کی تھی۔ مئی 2021 میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر 500 روپے ایمبارکشن جبکہ 100 روپے سیکورٹی فیس عائد کی گئی تھی، یوں اندرون ملک کسی بھی شہر کا سفر کرنے والے مسافر سے ٹکٹ کی بکنگ کے وقت 600 روپے اضافی وصول کیے جاتے رہے، جبکہ اب ان چارجز میں مزید 500 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :