Live Updates

حکومت نے شوکت ترین کو سینیٹر منتخب کروانے کا منصوبہ بنا لیا

حکومت کی پہلی ترجیح شوکت ترین کو اسحاق ڈار کی نشست پر سینیٹر منتخب کروانا ہے۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 ستمبر 2021 11:05

حکومت نے شوکت ترین کو سینیٹر منتخب کروانے کا منصوبہ بنا لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر 2021ء) : حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ قومی اخبار روزنامہ ڈان کے مطابق حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو پنجاب یا خیبر پختونخوا سے بطور سینیٹر منتخط کرانے کا ذہن بنا لیا ہے تاکہ مارکیٹوں میں تسلسل و استحکام برقرار رہے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 4 اکتوبر کو رسمی مذاکرات سے قبل پاکستان میں اس کے پروگرام کی بحالی کا اعلان کیا جا سکے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت، شوکت ترین کو پنجاب سے سینیٹر اسحاق ڈار کی نشست پر سینیٹر منتخب کروانے کے لیے اپنے منصوبے کا اعلان کرے گی۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی غیر موجودگی کی وجہ سے تاحال خالی ہے اور اسحاق ڈار نے برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی کی وجہ سے سنیٹ کی نشست کا حلف بھی نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

جبکہ شوکت ترین کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ کی پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہیں سینیٹر منتخب کروانے کے لیے منصوبے کے فوری اعلان کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح شوکت ترین کو اسحاق ڈار کی نشست پر سینیٹر منتخب کروانا ہے تاہم غیر یقینی کی صورتحال کی وجہ سے پلان ''بی'' کے تحت خیبر پختونخواہ سے سینیٹ کی نشست خالی کروا کر انہیں وہاں سے منتخب کروایا جائے گا۔ خیبر پختونخواہ سے اپنی نشست خالی کرنے والے سینیٹر سے کچھ دیگر سیاسی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے تلافی کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نشست سے شوکت ترین کا انتخاب غیر یقینی ہے کیونکہ یہ عدالتوں میں چیلنج ہوسکتا ہے اور حکم امتناع مل سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر انتخاب کے عمل میں کچھ وقت بھی لگتا ہے تب بھی کوئی فرق نہیں آئے گا کیونکہ شوکت ترین کو پانچ روز کے لیے مشیر خزانہ بنایا جائے گا اور پھر وہ سینیٹر اور وزیر خزانہ کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ حکومت، شوکت ترین کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات