دوطرفہ سیاحت کے فروغ کے لیے اردن نے شام کے ساتھ سرحد کھول دی

بارڈر کراسنگ سے آج سے مال بردار گاڑیوں اور دیگر مسافروں کی آمد ورفت کا آغاز ہو گا،وزارت داخلہ

منگل 28 ستمبر 2021 11:30

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) اردن کے وزیر داخلہ مازن الفرایا نے اردن اور شام کی سرحد (جابر بارڈر پوسٹ)کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ بارڈر کراسنگ سے 29 ستمبر بروز بدھ سے مال بردار گاڑیوں اور دیگر مسافروں کی آمد ورفت کا آغاز ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اردنی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کی نقل وحرکت کو فعال کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم آمد ورفت کے لیے سکیورٹی اور صحت کے حوالے سے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔درایں اثنا اردن کے وزیر ٹرانسپورٹ وجیہ عزایزہ نے کہا کہ شامی حکومت کا ایک وفد اردن کے دورے پر ہے جو اردنی حکومت کے ساتھ بھی بات چیت کرے گا۔ دونوں ملکوں کے نمائندے دو طرفہ حل طلب مسائل اور دونوں حکومتوں کے درمیان طے پائے سابقہ معاہدوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر غور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کے درمیان ٹرکوں اور مسافروں کی نقل وحرکت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور 10 سال سے حل طلب اردنی شامی کمپنی برائے لینڈ ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔