ریاض دسمبر میں جی سی سی خطے کی پہلی موسیقی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے موسیقار، گلوکار، فن کار اور ماہرین شرکت کریں گے

منگل 28 ستمبر 2021 11:30

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) خط خلیج کی پہلی موسیقی کانفرنس 13 سے 15 دسمبر تک سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ہوگی۔اس میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے موسیقار، گلوکار، فن کار اور ماہرین شرکت کریں گے۔ان کے علاوہ دوسرے ممالک سے بھی ماہرین اور مندوبین شریک ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے فلیگ شپ فیسٹیول ایم ڈی ایل بی ایسٹ سانڈاسٹارم کے بعد قائم ہونے والی نئی میڈیا اور میوزک کمپنی ایم ڈی ایل بی ایسٹ اس تین روزہ ایونٹ کا اہتمام کررہی ہے ۔

اس کو ایکس پی کا نام دیا گیا ہے۔اس کے ایجنڈے میں ورکشاپس، پینل مباحثوں ،گول میزکانفرنسوں اور محافل موسیقی کا انعقاد شامل ہے۔منتظمین کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد فنکاروں، کاروباری افراد، تخلیق کاروں اور پالیسی سازوں سمیت موسیقی کی صنعت سے وابستہ تمام پروفیشنلوں کومواقع مہیا کرنا ہے کیونکہ وہ خطے کی موسیقی کی ترقی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ڈی ایل بی ایسٹ کے سی ای او رمضان الحراتانی نے کہا کہ ایکس پی کی خطے میں یہ پہلی کانفرنس ہے اور مشرق اوسط میں موسیقی کی ترقی پذیر صنعت کی بنیاد کے طور پر کام کرے گی۔اس تقریب کا مقصد ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا، اس ضمن میں پالیسی سازی پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور ابھرتے ہوئے موسیقاروں کے لیے مواقع کے امکانات کا جائزہ لیناہے۔

نیز موسیقی، ذہنی صحت، تندرستی اور صنعت میں تنوع کے فروغ کے لیے مکالمے کا آغاز کرنا ہے۔ایکس پی پروگرام ڈائریکٹر ندا الحلبی کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں مکالمے کے ذریعے ہم چاہتے ہیں کہ یہ آنے والی نسلوں کی اس صنعت کوکیریئر کے طور اپنانے میں مددگار ثابت ہو۔موسیقی کو روزگار کی اختراع کے طور پر فروغ دینے کی ترغیب دے اور اسے ایک پائیدار صنعت بنائے جس سے وہ منافع حاصل کر سکے۔