دبئی ایکسپو کے موقع پر ملازمین کے لیے 6 دن کی چھٹی کا اعلان

31 مارچ 2022ء کو ایونٹ ختم ہونے تک ملازمیں چھٹیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 12:10

دبئی ایکسپو کے موقع پر ملازمین کے لیے 6 دن کی چھٹی کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) دبئی ایکسپو کے موقع پر ملازمین کے لیے 6 دن کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا ، 31 مارچ 2022ء کو ایونٹ ختم ہونے تک ملازم چھٹیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، ملازمین کو چھٹیوں کے دوران میلے میں 192 پویلینز میں پیش کیے گئے خیالات کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ دبئی ایکسپو کے دوران 6 دن تک چھٹیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس دوران ان کے معاوضے میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی ، یہ اقدام دبئی کے ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ، جس کا مقصد یہ ہے کہ سرکاری ملازمین عالمی میلے میں دکھائی جانے والی اختراعات کو سمجھیں ، یہ ایونٹ ملازمین کی صلاحیتوں کو تیز کرنے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں مدد دے گا کیوں کہ انہیں میلے میں 192 پویلینز میں پیش کیے گئے خیالات کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شیخ ہمدان نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو ایک منفرد ایونٹ ہے جو دنیا کو دبئی لائے گا اور اس دوران یہاں آنے والے دنیا بھر سے اپنا علم ، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتیں لائیں گے ، ہمارا مقصد ایکسپو کے 'ذہنوں کو جوڑنا ، مستقبل کی تشکیل' کے تھیم کو عملی طور پر نافذ کرنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم پوری دنیا کے تخلیقی نظریات سے واقف ہو ، حکومت نے ایک منفرد ورک ماڈل قائم کیا ہے ، جس کی بنیاد تخلیقی صلاحیت ہے۔

دبئی کے ولی عہد نے مزید کہا کہ نئے مشاہدات کی حوصلہ افزائی کے لیے کامیاب تجربات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جو کہ متحدہ عرب امارات کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا جو کہ اگلے 50 سالوں کے لیے تیاری کر رہا ہے جس کا مقصد اعلیٰ ترین درجات تک پہنچنا ہے۔