این سی او سی نے 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کر لیا

بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کے لیے اسکولوں میں بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 ستمبر 2021 12:22

این سی او سی نے 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر 2021ء) : پاکستان بھر میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ ویکسین لگوانے کا فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کے تحت اب بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے بچے بھی کورونا کی ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں ویکسی نیشن کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 15 سال کی عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 13 ستمبر بروز پیر سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کیا۔ وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) کے ترجمان ساجد شاہ نے بتایا تھا کہ انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی، اس عمر کے بچوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے حاصل کردہ 'ب' فارم کے ہمراہ قریبی ویکسی نیشن سینٹرز جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں ساجد شاہ کا کہنا تھا کہ نوعمر بچے بھی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) رکھنے والے افراد کی طرح نادرا کی ویب سائٹ سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فائزر ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی جبکہ ہم بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں جوں جوں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ویسے ہی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں بھی بتدریج کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔