امریکی سینیٹ کی جانب سے عبوری بجٹ کے خلاف ووٹ

امریکا میں کاروبار حکومت کے جزوی طور پر مفلوج ہونے کا خطرہ بڑھنے لگا،غیرملکی میڈیا

منگل 28 ستمبر 2021 12:55

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) امریکا میں کاروبار حکومت کے جزوی طور پر مفلوج ہونے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریپبلکن ارکان نے سینیٹ میں اس بل کی منظوری کا راستہ روک لیا جس کا مقصد موجودہ مالی سال کے خاتمے سے قبل ہی حکومت کے لیے مزید فنڈز حاصل کرنا تھا۔

(جاری ہے)

امریکا میں نیا مالی سال یکم اکتوبر سے شروع ہونا ہے۔

اگر اس وقت تک بجٹ سے متعلق معاملات طے نہیں پاتے تو حکومتی معاملات مفلوج ہو جائیں گے جس کے لیے امریکا میں شٹ ڈائون کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بہت سے ریاستی ملازمین کو جبری چھٹی پر بھیج دیا جائے گا یا انہیں بغیر تنخواہ کے کام کرنا ہو گا۔ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اس صورتحال سے بچنے کے لیے پر امید ہے۔