بھارتی مظالم اور میڈیا پرقدغن کے خلاف پی ڈی پی کا سرینگر میں حتجاجی مظاہرہ

منگل 28 ستمبر 2021 13:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیرمیں  یپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سرینگر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم ،  گرفتاریوں ، سیاسی رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی ،خوف وہراس اور سرکاری ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام نبی لون ہنجورا کی قیادت میں پی ڈی پی کے رہنمائو اور کارکنوںکی بڑی تعداد نے سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے پارٹی ہیڈ کوارٹر سے پولو ویو کی جانب مارچ بھی کیا تاہم بھارتی پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر  ’’کشمیریوں کوہراساں کرنا بند کرو،آزادی صحافت کو بحال کرو،جبری نظربندیاں بند کرو،سیاسی قیدیوں کو رہا کرو،جموں و کشمیر میں نئے کالے قوانین کا نفاذ بند کرواورآنگن واڑی ورکرز کو بحال کرو‘‘جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام نبی لون نے کہاکہ ہم بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سروں پر مسلسل تلوار لٹکی ہوئی ہے اور مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی پر مسلسل قدغن نافذ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کوجبری طورپربرطرف کیاجارہا ہے ، میڈیا پر قدغن عائد ہے اور انہیں سچ لکھنے یا سچ سامنے لانے روکا جا رہا ہے اور صحافیوںکو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ سیاسی قیدی مسلسل جیلوں میں نظربند ہیں اور انہیں رہا نہیں کیاجارہاہے۔انہوں نے قابض انتظامیہ سے کہاکہ کیا یہ نارمیلسی ہے جس کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔