فیصل آباد،کاشتکاروں کو کپاس کے پھل کو گرنے سے بچانے کے لیے فوری زنک،بوران، یوریاکا سپرے کرنے کا مشورہ

منگل 28 ستمبر 2021 14:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کے پھل کو گرنے سے بچانے کے لیے فوری زنک،بوران اور یوریاکا سپرے کرنے اورہفتے میں 2 بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمیدنے بتایاکہ  اگر کیڑوں کاحملہ نقصان کی معاشی حد تک ہو تو فوری طور پر محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف یا ماہرین زراعت کی مشاورت سے مناسب زہروں کاسپرے کیاجائے نیز نائٹروجن کی کمی کی صورت میں کپاس پر2کلوگرام یوریا فی ایکڑ کے حساب سے 100لیٹر پانی میں مکس کرکے اس کا سپرے کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کپاس کی فصل بڑھوتری کی جانب مائل ہو تو میپی کواٹ کلورائیڈ 100ملی لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کرنے کے بھی مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نمی کی وجہ سے رواں موسم کے دوران کپاس کی فصل پر سبزتیلے و لشکری سنڈی کاحملہ بڑھ جاتاہے لہٰذا کاشتکاروں کو اس جانب بھی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔