صہیب مقصود نیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے

مڈل آرڈر بلے باز نے قومی ٹی 20 کپ میں 67 اننگز میں 92 چھکے لگائے ہیں، آصف علی کا 91 چھکوں کے ساتھ دوسرا نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 ستمبر 2021 17:18

صہیب مقصود نیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 ستمبر 2021ء ) پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود قومی ٹی 20 کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ صہیب مقصود نے نیشنل ٹی 20 کپ 2021ء کے 7 ویں میچ میں سدرن پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے خلاف مقابلے کے دوران یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ صہیب مقصود نے قومی ٹی 20 کپ میں 67 اننگز میں 92 چھکے لگائے ہیں۔

ان کے بعد نادرن کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کا نمبر آتا ہے جنہوں نے 58 اننگز میں 91 چھکے لگائے ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل ، تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فاتح شاہ زیب حسن قومی ٹی 20 کپ کی تاریخ میں زیادہ چھکے لگانے والے ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں ۔ کامران اکمل 80 میچز میں 69 چھکوں کے ساتھ تیسرے، محمد حفیظ 65 میچز میں 68 چھکوں کے ساتھ چوتھے،شاہ زیب حسن 46 میچز میں 63 چھکے لگا کر 5ویں، عمر اکمل 61 میچز میں 61 چھکے رسید کرکے چھٹے، عمر امین 72 میچز میں 60 چھکوں کے ساتھ 7ویں، خوشدل شاہ 44 میچز میں 60 چھکے لگا کر 8ویں، افتخار احمد 61 میچز میں 58 چھکوں کے ساتھ 9ویں اور شعیب ملک 66 میچز میں 57 چھکے لگا کر 10 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں ۔

(جاری ہے)

صہیب مقصود پچھلے ایک سال سے بھرپورفارم میں ہے۔ وہ نیشنل ٹی 20 کپ کے پچھلے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ ملتان سلطانز کو اپنا پہلے پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے میں مدد دی۔ 34 سالہ کھلاڑی جاری ٹورنامنٹ میں اپنی فارم برقرار رکھنے کی خواہاں ہیں تاکہ اکتوبر اور نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی اچھی فارم میں رہیں ۔

صہیب مقصود کو ان کی حالیہ پرفارمنس اور چھکے مارنے کی صلاحیت کی بنیاد پر ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے اور مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ میگا ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔