دبئی ؛ شوروم میں آگ لگنے سے 55 چمکتی دمکتی گاڑیاں تباہ‘ خوفناک آتشزدگی کی ویڈیو وائرل

فائر فائٹرز محض 6 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے 8 شو رومز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 17:21

دبئی ؛ شوروم میں آگ لگنے سے 55 چمکتی دمکتی گاڑیاں تباہ‘ خوفناک آتشزدگی ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) دبئی میں شوروم میں آگ لگنے سے 55 چمکتی دمکتی مہنگی گاڑیاں تباہ ہوگئیں ، خوفناک آتشزدگی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی سول ڈیفنس کے حوالہ دیتے ہوئے عربی روزنامہ البیان نے بتایا کہ یہ واقعہ دبئی کے علاقہ راس الخور میں پیش آیا ، جہاں واقع ایک شو روم میں منگل کے روز صبح سویرے آگ لگ گئی ، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز محض 6 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے 8 شو رومز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، تاہم خوش قسمتی سے اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 
 
خیال رہے کہ رواں برس 25 اگست کو دُبئی ایئرپورٹ کے قریب واقع ایک گودام میں آگ بھڑک اُٹھی تھی ، جس سے آس پاس کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا ، یہ آگ دُبئی ایئرپورٹ کے قریبی علاقے پورٹ سعید میں ایک گودام میں لگی تھی ، جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

(جاری ہے)

 

 
دُبئی میڈیا آفس نے رات گئے بتایا کہ رات گئے اس آگ پر قابو پا لیا گیا تھا جس کے بعد یہاں پر کولنگ کا عمل بھی کیا گیا تاہم پلاسٹک کا مواد ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 
 
واضح رہے کہ اس سے چند روز قبل بھی دُبئی کے اہم صنعتی علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب وہاں ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اْٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، یہ واقعہ جبلِ علی کے علاقے میں پیش آیا جب ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی اور ہر طرف ہر دھواں ہی دھواں پھیل گیا ، آگ لگنے کے بعد فیکٹری میں موجود فوری طور پر باہر آ گئے۔