Live Updates

صحافت ریاست کا چوتھا ،اہم ترین ستون ہے، صحافتی شعبہ کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، سردار عبدالقیوم نیازی

آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے افسوس اسے اقتدار کا ریس کیمپ بنا دیا گیا، عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطے میں گڈ گورننس اور تحریک آزادی کو فروغ دینگے، ٹوٹی نلکے کی سیاست کے بجائے مستقبل کو مدنظر رکھ کر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 28 ستمبر 2021 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا اور اہم ترین ستون ہے، صحافتی شعبہ کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے لیکن افسوس کہ اسے اقتدار کا ریس کیمپ بنا دیا گیا، عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطے میں گڈ گورننس اور تحریک آزادی کو فروغ دے کر آر پار پیغام دینگے کہ مظفرآباد حقیقی معنوں میں تحریک کا بیس کیمپ ہے۔

ٹوٹی نلکے کی سیاست کے بجائے مستقبل کو مدنظر رکھ کر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ گزشتہ دور حکومت میں راجہ فاروق حیدر خان کا این ٹی ایس کا اقدام اچھا تھا لیکن سابق وزیراعظم جاتے جاتے ساڑھے چار ہزار لوگوں کو مستقل کر کے اپنے اچھے اقدام پر پانی پھیر دیا، جعلی بھرتیوں سمیت سابق دور کی بہت ساری خرابیاں ورثے میں ملی ہیں جنھیں درست کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات حکومت کی اولین ترجیح ہیں ایک سال کے اندر اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرینگے، گراس روٹ لیول کا سیاسی کارکن ہوں، عام آدمی کی مشکلات سے واقف ہوں، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر روا نہیں رکھیں گے، مسئلہ کشمیر، ریاستی تشخص اور مملکت پاکستان کے وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دونگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں جموں وکشمیر ہاوس اسلام آباد میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت فورم کے صدر زاہد اکبر عباسی کر رہے تھے، وفد میں فورم کے سیکرٹری جنرل سردار عقیل انجم، سیکرٹری فنانس راجہ ماجد افسر، جوائنٹ سیکرٹری عابد ہاشمی، چیف آرگنائزر اعجاز خان، سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان، ممبر گورننگ باڈی راجہ خالد شامل تھے۔ اس موقع پر اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر اعظم سے حلقہ غربی باغ دھیرکوٹ کے وفد نے ملاقات کی جس میں حلقہ کے مسائل زیر بحث رہے۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میڈیا ہماری رہنمائی کرے اور درست سمت نشاندہی کرے ہم ہر مثبت تنقید اور مشورے کا احترام کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے کو رول ماڈل بنانے کیلئے کوشاں ہوں جبکہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر گامزن ہیں۔ صدر،وزیراعظم سمیت حکومت و ریاست کے تمام شعبے متحد ہیں اور ہم سب ملکر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گڈ گورننس اور تحریک آزادی کے بعد خطے کی تعمیر و ترقی ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کی بہتری لا کر سیاحت کو فروغ دینگے، خطے کی تمام شاہرات بہتر کرینگے۔ میرا تعلق کنٹرول لائن کے حلقہ سے ایل او سی پر آباد لوگوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں، کنٹرول لائن سے ملحقہ تمام حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم سے دھیرکوٹ کے ایک اور وفد نے سابق امیدوار میجر لطیف خلیق کی قیادت میں ملاقات کی، وفد میں راجہ عنصر شفیق ایڈووکیٹ، انجنئیر راجہ اعجاز، راجہ شجاعت، راجہ مسعود، راجہ اقبال اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دھیرکوٹ، بشارت شہید، چھپڑیاں گوڑی کیر و رنگلہ روڈ سمیت حلقہ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حلقہ غربی باغ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدام اٹھائے جائیں گے۔ دھیرکوٹ کی دونوں بڑی شاہرات کو ٹورازم پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا، جلد پی ٹی آئی غربی باغ کو اہم خوشخبری سنائیں گے۔ وفد نے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا باغ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات