پاکستانی عوام کیلئے حج و عمرہ کے ویزوں کا جلد اجراء خوش آئند ہے ،حافظ محمد سلفی

منگل 28 ستمبر 2021 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) نائب امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان و مدیر جامعہ ستاریہ الا سلامیہ کراچی مولانا حافظ پروفیسر محمد سلفی نے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کے اس بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کیلئے حج و عمرہ کے ویزوں کا جلد اجراء کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عربیہ کی تعمیر و ترقی میں جو کرادار پاکستانی ہنر مندوں اور محنت کشوں نے ادا کیا ہے وہ کسی دوسرے ملک نے ادا نہیں کیا۔

سعودی سفیر نے نہایت مدبرانہ الفاظ میں صحافیوں کے نمائندہ وفد کو بتایا کہ اس وقت سعودیہ میں25لاکھ پاکستانی ، مذہبی، سماجی اور تعمیری کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی عوام کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مولانا سلفی، قاضی عبدالسمیع ، حافظ فیصل سلفی ، حافظ عبدالسلام سلفی اور جماعت کے میڈیا ترجمان عبدالرحمن عابد حقانی نے سعودی سفیر اور ولی عہد شاہ سلمان کو سعودیہ کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارک باد دیتے ہوے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جسم و جان ہیں ان کی رفاقتوں اور انکی محبتوں میں سازشی عناصر کبھی بھی کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتے یہ تادم مرگ اپنی کاوشوں اور محبتوں کے چراغ روشن کرتے رہیں گے۔

مولانا سلفی نے کہا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐکے محراب و منبر سے قرآنی ، روحانی اور حکمت و دانائی کے خطابات تا دم آخر پوری دنیا میں پھیلتے رہیں گے۔