کئی روز کی مسلسل تنزلی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج تگڑا کم بیک کرنے میں کامیاب

منگل کے روز مارکیٹ پر چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے، 100انڈیکس میں400پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال، سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا

muhammad ali محمد علی منگل 28 ستمبر 2021 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2021ء) کئی روز کی مسلسل تنزلی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج تگڑا کم بیک کرنے میں کامیاب، منگل کے روز مارکیٹ پر چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے، 100انڈیکس کی 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال، سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی مالیاتی اداروں کی نئی سرمایہ کاری کی بدولت پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ پر چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے اور منگل کو تیزی کا رجحان غالب آگیا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس میں400پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا، جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں55ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا، 73.38فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی مسلسل مندی کے بعد منگل کے روز مارکیٹ بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی۔ تاہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے برعکس ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی تباہ کن بے قدری کس سلسلہ رک نہ سکا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں25پیسے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 169.65روپے سے بڑھ کر169.95روپے اور قیمت فروخت 169.75روپے سے بڑھ کر170روپے ہو گئی اسی طرح 20پیسے کے اضافے سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید171روپے سے بڑھ کر171.20روپے اور قیمت فروخت 171.40روپے سے بڑھ کر171.60روپے ہو گئی ۔

ماہرین معیشت کے مطابق کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے درآمدی اشیا مزید مہنگی ہوجائیں گی، جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔