’’گینگ آف 92ء‘‘ کی پی سی بی میں واپسی کا امکان

معین خان، عاقب جاوید چیئرمین رمیز راجہ کے قافلے میں شامل ہونے کیلئے سرفہرست امیدوار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 ستمبر 2021 15:35

’’گینگ آف 92ء‘‘ کی پی سی بی میں واپسی کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 ستمبر 2021ء ) سابق پاکستانی کرکٹرز عاقب جاوید اور معین خان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں اعلیٰ عہدوں کے دعویداروں میں شامل ہیں۔ گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں رمیز راجہ نے اندرونی طور پر معاملات کو ٹھیک کرنے کے لیے بے رحمانہ انداز اپنانے کی بات کی تھی ۔

مصباح الحق اور وقار یونس کا استعفیٰ پہلے ہی قبول کرنے کے بعد رمیز راجہ نے پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کو بھی استعفی دینے پر مجبور کیا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وسیم خان نے نئے چیئرمین کی ہدایات پر ان سے بہت ساری ذمہ داریاں چھینے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دیا۔ رمیز راجہ سے جب پہلی بار پی سی بی میں وسیم خان کے مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سخت الفاظ استعمال کیے تھے ۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے اپنی پہلی پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ اگر میں اکھاڑ پچھاڑ کے بارے میں بات کروں تو 90 فیصد پی سی بی حکام کو برطرف کر دینا چاہیے۔ ایسی افواہیں بھی پھیل رہی ہیں کہ پی سی بی میں کئی دیگر اعلیٰ سطحی استعفے بھی متوقع ہیں جو دوسروں کے لیے بورڈ میں واپسی کے دروازے کھول دیں گے۔ 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر معین خان اور سابق فاسٹ بائولر عاقب جاوید جو بالترتیب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ ہیں ، پاکستان کرکٹ کو ٹریک پر واپس لانے کے لیے رمیز راجہ کے قافلے میں شامل ہونے کے لیے سر فہرست امیدوار ہیں۔