سعودی عرب میں جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث 6 پاکستانی گرفتار

ملزمان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں ، جو مملکت میں مختلف نوعیت کے جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان ریاض پولیس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 ستمبر 2021 17:51

سعودی عرب میں جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث 6 پاکستانی گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث 6 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض پولیس کے میڈیا ترجمان میجر خالد الکریدیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پیسوں کے بدلے حملے کے جرائم سے نمٹنے اور مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے سیکورٹی فالو اپ کے نتیجے میں 6 غیر ملکی رہائشیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، پاکستانی قومیت سے تعلق رکھنے والے ان ملزمان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں جوکہ مملکت میں مختلف نوعیت کے جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث ہیں ، ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ہی سعودی عرب میں ڈکیتی کے دوران گھر سے 30 ہزار ریال لوٹنے والے 6 پاکستانیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ، مکہ المکرمہ پولیس کے میڈیا ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ فنڈز پر حملے اور مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے سیکورٹی فالو اپ کے نتیجے میں پاکستانی قومیت کے 6 باشندوں کو گرفتار کیا گیا ، جن کی عمریں تیس سے پینتیس برس کے درمیان ہیں ، گرفتار کیے گئے افراد نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ایک گھر پر چوری کا جرم کیا اور 30 ہزار ریال کی رقم لوٹ لی ، گرفتاری کے بعد ملزمان سے 16ہزار ریال برآمد کیے گئے ہیں ، جس کے بعد ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن برانچ کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مکہ مکرمہ سے گاڑی میں سوار لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے 5 اوباشوں کو گرفتار کرلیا گیا ، مکہ مکرمہ پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک شاہراہ عام پر گاڑی میں سوار لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے افراد کی شناخت کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے ، لڑکیوں کے ساتھ چھڑ خانی کرنے والے افراد کی تعداد 5 ہے جو کہ سعودی شہری ہیں اور ان سب کی عمریں 20 سال کے قریب ہیں ، ملزمان کے خلاف ابتدائی کارروائی مکمل کر نے کے بعد انہیں استغاثہ کے سامنے پیش کر دیا گیا۔