Live Updates

پاکستان کے دشمن ہیں جو پروپیگنڈا کرتے کہ میری فوج سے نہیں بنتی، نوازشریف

لیاقت علی خان سے لے کر ظفراللہ جمالی تک جن کی فوج سے نہیں بنی کیا یہ سب وزرائے اعظم غدار تھے؟ عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں، سامراجی طاقتوں کی غلامی قبول نہیں کی تو اپنوں کی کیسے قبول کریں گے؟ قائد ن لیگ ، سابق وزیر اعظم کا پارٹی کارکنان سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 29 ستمبر 2021 18:26

پاکستان کے دشمن ہیں جو پروپیگنڈا کرتے کہ میری فوج سے نہیں بنتی، نوازشریف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ میری فوج سے نہیں بنتی، لیاقت علی خان سے لے کر ظفراللہ جمالی تک جن کی فوج سے نہیں بنی کیا یہ سب وزرائے اعظم غدار تھے؟ عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں، سامراجی طاقتوں کی غلامی قبول نہیں کی تو اپنوں کی کیسے قبول کریں گے؟انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی عوام کی پسندیدہ ترین پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن ہے، آپ بتائیں کون سی پارٹی ہے جس نے ایک موٹروے بنائی ہو، بجلی کا منصوبہ لگایا ہو، پاکستان کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا ہو، دہشتگردی کو ختم کیا ہو، معیشت کو ترقی کی بلندی پر پہنچایا ہوا، جس نے اورنج لائن ، میٹروبس اور ترقی کی بے پناہ منصوبے لگے ہوں، سڑکیں بے حساب بنائی ہوں، کون سی ایسی پارٹی ہے؟ بلکہ ہر پارٹی کے دور میں زوال ہی آیا ہے، اللہ کے کرم سے یہ صرف مسلم لیگ ہے جس کے دور میں ترقی ہوئی اس پر ہم فخر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک کا بھٹا بٹھا دیا ہے، ہمارا کلچر تباہ کردیا ہے، سیاسیات اور سیاسی کلچر کو برباد کردیا ہے، سوائے گالی کے ان کو بات نہیں کرنی آتی ہے، ٹی وی پر جاکر غیراخلاقی گفتگو میری سمجھ میں نہیں آتی ، میں آپ سب کو کہوں گا کہ آپ ان جیسی زبان استعمال نہ کریں بلکہ حقائق پر مبنی بات جواب دیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی عزت نفس پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، آئین کے غداروں کے کی غلامی ہمیں قبول نہیں، ہم نے سامراجی طاقتوں کی غلامی قبول نہیں کی تو اپنی کی غلامی کیسے قبول کریں گے؟میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ میری فوج سے نہیں بنتی، لیاقت علی خان کی کیوں نہیں بنی؟ لیاقت علی خان کے بعد جتنے بھی وزیراعظم ہیں اس میں بھٹو بھی شامل ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو بھی شامل ہیں، سب کو چھوڑیں ان کو دیکھ لیں جو مشرف کے زمانے میں بلوچستان سے میرظفراللہ جمالی وزیراعظم بنے تھے ان کی کیوں فوج سے نہیں بنی؟ جونیجو صاحب کی کیوں نہیں بنی؟ یہ سب لڑنے والے لوگ تھے؟ ایسا پروپیگنڈا صرف پاکستان کے دشمن لوگ کررہے ہیں، کیا یہ سب وزرائے اعظم بھی غدار تھے؟ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات