دبئی ایکسپو ؛ متحدہ عرب امارات کے 18 مقامات سے مفت بس سروس چلائی جائے گی

مفت بس سروس ہفتے کے کاروباری دنوں میں روزانہ 287 بار اپنے مخصوص مقامات سے ایکسپو سائٹ کے چکر لگائے گی جب کہ جمعرات اور جمعہ کے روز ان کی تعداد کو بڑھا کر 358 کردیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 ستمبر 2021 11:57

دبئی ایکسپو ؛ متحدہ عرب امارات کے 18 مقامات سے مفت بس سروس چلائی جائے ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) دبئی ایکسپو میں شرکت کے خواہشمندوں کو پہنچنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے 18 مقامات سے مفت بس سروس چلائی جائے گی ، مفت بس سروس ہفتے کے کاروباری دنوں میں روزانہ 287 بار اپنے مخصوص مقامات سے ایکسپو سائٹ کے چکر لگائے گی جب کہ ہفتے کے اختتام پر جمعرات اور جمعہ کے دوران ان کی تعداد کو بڑھا کر 358 کردیا جائے گا۔

اماراتی خبرت رساں ادارے کے مطابق دبئی میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کہا ہے کہ ایکسپو کے لیے مفت بس سروس ابوظہبی میں 3 اور شارجہ میں 2 مقامات سے چلائی جائے گی جب کہ عجمان ، راس الخیمہ ، فجیرہ اور العین میں ایک ایک جگہ پر یہ سہولت میسر ہوگی ، آر ٹی اے نے ان 9 مقامات سے شہریوں کو ایکسپو لانے کے لیے 77 بسیں مختص کی ہیں جب کہ دبئی کے 9 اسٹیشنوں سے نمائش کے لیے آنے والوں کو لے جانے کے لیے 203 ایکسپو رائیڈرز بسیں تعینات کی گئی ہیں ان میں سے 2 بس روٹس ایکسپو آنے والوں کو ایکسپو سائٹ کے قریب ہوٹلوں سے براہ راست اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

آر ٹی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی شہر کے 3 اسٹیشنوں میں ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، ابوظہبی مین بس اسٹیشن ، مرینا مال اسٹیشن ، اور ایک اسٹیشن العین (العین بس اسٹیشن) شامل ہے ، شارجہ میں بنائے گئے 2 اسٹیشن الجبیل بس اسٹیشن اور موعلیہ بس اسٹیشن ہیں اس کے علاوہ راس الخیمہ بس اسٹیشن ، عجمان بس اسٹیشن ، اور فجیرہ بس اسٹیشن (سٹی سنٹر فجیرہ کے قریب) بھی ان روٹس کا حصہ ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایکسپو رائیڈرز بسیں صبح 6.30 بجے کام شروع کریں گی اور ایکسپو گیٹس کی بندش کے بعد 90 منٹ تک سروس جاری رکھیں گی ، پارکنگ ایریا (ایکسپو پارکنگ شٹل) سے 3 ایکسپو گیٹس تک مسافروں کی آمدورفت صبح 9 بجے شروع ہوگی اور ایکسپو گیٹس کی بندش کے بعد 90 منٹ تک جاری رہے گی ، اس دوران مفت بس سروس کے ذریعے ہفتے کے کاروباری دنوں میں روزانہ 287 دورے ہوں گے جب کہ ہفتے کے اختتام پر جمعرات اور جمعہ کے دوران ان کی تعداد کو بڑھا کر 358 کردیا جائے گا۔