یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں واپس لانے کی تیاری کا آغاز

سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں دیئے جانے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 30 ستمبر 2021 13:36

یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں واپس لانے کی تیاری کا آغاز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) رمیز راجہ کے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بننے کے بعد انتظامی سطح پر کافی بڑی بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں سب سے پہلی تبدیلی یہ ہوئی کہ مصباح الحق اور وقار یونس نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا جس کے بعد اب سابق سی ای او وسیم خان بھی استعفیٰ دے چکے ہیں جب کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے 2 غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کیے جانے کے بعد اب ثقلین مشتاق اور یونس خان کو بھی پی سی بی میں لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کو بطور بیٹنگ کوچ ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے جبکہ وہ بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں پہلے بھی ادا کر چکے ہیں تاہم اب انہیں ایک مرتبہ پھر سے بورڈ میں دوبارہ اینٹری دلوانے کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کا تقرر ابھی ہونا باقی ہے جس کیلئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے مقامی سپورٹ سٹاف ہیڈ مقررکرنے کا کہاتھا ، سپورٹ سٹاف ہیڈ کیلئے ثقلین مشتاق مضبوط امیدوار ہیں ۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کا فیصلہ اگلے دو سے تین روز میں کر لیا جائے گا ۔