ایل ڈی اے نے گرینڈ آپریشن کر کے متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار اور سربمہرکر دیں

غیر قانونی قابضین از خود قبضہ چھوڑ دیں ورنہ ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیاجائے گا‘ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ

جمعرات 30 ستمبر 2021 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2021ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیزتارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قابضین از خود قبضہ چھوڑ دیں ورنہ ان کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رہے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ زون فور کے عملے نے انفورسمنٹ سٹاف اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے متعدد غیر قانونی عمارتیں‘ دکانیں اور بغیر نقشہ تعمیرات مسمار اور سربمہرکردیں۔

ایل ڈی اے کے عملے نے ڈیفنس روڈ پر زیر تعمیرایک غیر قانونی کمرشل سٹرکچر مسمارکر دیا، ایک غیر قانونی ریسٹورنٹ سٹرکچر مکمل طور پرمسمارکر دیا گیا۔ڈیفنس روڈ پر غیر قانونی چار دیواری مکمل طور پر مسمار کر دی گئی۔

(جاری ہے)

رائے ونڈ روڈ پرغیر قانونی گودام اور پلاٹ نمبر184ڈی‘نواب ٹاؤن کی غیر قانونی سب ڈویژن سربمہرکردی گئی۔عبدالستار ایدھی روڈ پرقائم ایک غیر قانونی سٹرکچر اور پلاٹ نمبر10اے ون ،پی آئی اے روڈ پر غیر قانونی تعمیر مکمل مسمارکر دی گئی۔

پلاٹ نمبر242‘243اور 244بلاک سی‘پی آئی اے سکیم میں غیر قانونی تعمیر مکمل مسمار کر دی گئیں۔پلاٹ نمبر37بلاک بی تھری جوہر ٹاؤن سربمہرکردیا گیا اورپلا ٹ نمبر1بلاک آر ون جوہر ٹاؤن پر قائم تجاوزات کوہٹا دیا گیا۔بی او آر سوسائٹی میں واقع پلاٹ نمبر9بی سربمہر کر دیا گیااورخیابان جناح میں ایک پراپرٹی سربمہرکردی گئی۔آپریشن کی نگرانی چیف ٹاؤن پلانرطاہر میو نے کی، انہوںنے کہا کہ ایل ڈی اے عملے کی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔