ضلع کورنگی میں رین ایمرجنسی انتظامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا یا جائے ،،نوابزادہ تیمور تالپور

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبائی وزیر کا ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ ،رین ایمرجنسی انتظامات کا معائنہ

جمعہ 1 اکتوبر 2021 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) وزیر اعلیٰ سندھ سیر مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر جنگلات نوابزادہ تیمور تالپور کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ساجدہ قاضی اور ڈپٹی کمشنر کورنگی سلیم اللہ اوڈھو کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ ،برساتی نالوں ،نشیبی علاقوں سمیت بلدیہ کورنگی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے رین ایمرجنسی انتظامات کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر انہوںنے بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوام کو فوری سہولتوں کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے جائیں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کرکے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ اور تمام تر دستیاب مشنریز کو آن روڈ رکھا جائے تاکہ دوران برسات برساتی پانی کی بروقت نکاسی اور کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹا جاسکے اس موقع پر ضلع انتظامیہ کورنگی اور بلدیہ کورنگی کی جانب سے رین ایمرجنسی انتظامات کے حوالے سے ترتیب دیئے گئے ہنگامی پلان سے صوبائی وزیر کو تفصیلی آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نواب زادہ تیمور تالپور نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال کے دوران برساتی پانی کی نکاسی اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں برسات کے دوران عوام کو بروقت سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام زونز میں کنٹرول رومز کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں موجود ذمہ دران کنٹرول رومز میں تعینات مختلف محکموں پر مشتمل عملے سے علاقائی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنا سکیں ۔

صوبائی وزیر نواب زادہ تیمور تالپور نے دورے کے دوران 8ہزار روڈ انڈسٹریل ایریا سمیر مختلف علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ہم سب کو ملکر باہمی ٹیم ورک کے ساتھ اس قدرتی آفت سے نمٹنا ہوگا اور اپنی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ انہیں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نا ہوگااس موقع پر انہوںنے ضلع انتطامیہ اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی ۔