Live Updates

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کاپیٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شدید احتجاج ،واک آئوٹ

حکومت اور اپوزیشن اراکین ایک دوسرے کے خلاف چور چور کے نعرے لگاتے رہے ،کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعہ 1 اکتوبر 2021 17:23

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کاپیٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج اور ایوان کی کارروائی سے واک آئوٹ کیا ،ایوان میں حکومت اور اپوزیشن اراکین ایک دوسرے کے خلاف چور چور کے نعرے لگاتے رہے ،کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ۔

پنجاب کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹے پانچ منٹ کی غیر معمولی تاخیر سے پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے ایجنڈے پر محکمہ بہبود آبادی سے متعلق سوالات شامل تھے تاہم کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات بھی نہ ہو سکا۔اجلاس کے آغاز پر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ روز جھنجھوڑنے کے باوجود ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتاہے،حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا،دنیا میںںتیل سستا ہوا ہے اور ہمارے ملک میں مہنگا کیا گیا ہے،موقف یہ اپنایا جاتا ہے کہ خطے میں سب سے کم پیٹرولیم کی قیمتیں ہمارے ملک میں ہیں،مطالبہ ہے کہ ان ممالک کی کیپٹل انکم کا بھی بتا دیں،تحریک انصاف تو دعوی کرتی تھے کہ ہم پیٹرول 40 روپے فی لٹر دیں گے،حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوامی نمائندوں کو کمزور کیا جائے،حکومت جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازش کر رہی ہے ،یہ جمہوری اداروں کے خلاف سازش کر رہے ہیںتاکہ عوام میں یہ تاثر جائے کہ عوامی نمائندے ٹھیک نہیں،اصل حکومت کوئی اور کر رہا ہے اور کندھا کسی اور کا استعمال ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمتکرتا ہوں۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ میں اس پر ایوان سے احتجاجاً واک آو ٹ کرتا ہوں۔جواب میں صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ یہ پہلے جمہوریت اپنے خاندانوں میں لائیں،یہ جمہوری نظام کی بات کرتے ہیں لیکن اپنی پارٹیوں میں انتخابات نہیں کراتے،مسلم لیگ (ن) بھی تینصوبوں سے فارغ ہوچکی ہے اوریہ صرف جی ٹی روڈ کی پارٹی بن گئی ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے میں کم ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا مشہود نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر شید تنقید کی ۔اس دوران ایوان میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان نعرے بازی شروع ہو گئی اورپنجاب اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا،حکومت اور اپوزیشن ارکان کے ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔پینل آف چیئر مین نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا تو اپوزیشن رکن رانا مشہود نے کورم کی نشاندھی کر دی اور اپوزیشن اراکین پیٹرولیم مصنوعات او رایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے،کورم پورا نہ ہونے پر 5 منٹ کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں، پھر15منٹ کے لئے اجلاس ملتوی کیا گیا لیکن حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی جس پرپینل آف چیئرمین نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات