سمندری طوفان گلاب سے نمٹنے کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے تمام مطلوبہ انتظامات مکمل کئے گئے ہیں،حاجی رسول بخش چانڈیو

جمعہ 1 اکتوبر 2021 22:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) وزیر اعلی سندھ کے صوبائی مشیر برائے محکمہ بحالی و ریلیف حاجی رسول بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سمندری طوفان گلاب سے نمٹنے کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے تمام مطلوبہ انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور اس ضمن میں محکمہ بحالی و رلیف کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے ہماری ٹیم ہر وقت تیار ہے جبکہ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کو کل تک ٹینٹ، مچھردانیاں، چار پائیوں سمیت دیگر تمام ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ممکنہ متاثرین کی بروقت مطلوبہ سہولیات فراہم کرکے انہیں پریشانی سے بچایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں کہا کہ پی پی پی چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات کے تحت صوبائی وزرا، مشیروں اور معاون خصوصی کو بارش کے دوران مختلف اضلاع میں اپنے فرائض انجام دینے کا حکم جاری کیا گیا ہے تاکہ سمندری طوفان گلاب سے امکانی متاثرین کی مدد اور بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد صادق علی میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات کے تحت ساحلی علاقوں گھوڑاباری، بگھان اور کیٹی بندر میں قائم صحت مراکز کا دورہ کرکے تمام صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور ڈاکٹرز، عملے اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت اور مرف انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے جبکہ اشیاخورد و نوش کی موجودگی کے متعلق بھی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے پمپ مشینوں کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں طوفان اور بارشوں سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اس کے باوجود اگر ایمرجنسی میں کسی بھی چیز کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جزیروں سے لوگوں کی منتقلی کے متعلق کوئی ایڈوائزی نہیں ملی ہے اگر خدانخواستہ ایسی صورتحال ہوتی ہے تو ٹرانسپورٹ سمیت تمام انتظامات کیلئے ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور پی ڈی ایم اے کی بھی سپورٹ ہمارے ساتھ ہے۔ صادق علی میمن نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ٹھٹھہ شہر کی صفائی ستھرائی اور دیگر میونسپل مسائل کے متعلق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علہی شاہ سے اس دیرینہ مسئلہ کے حل کے لئے بات چیت کی گئی ہے اور انشااللہ جلد مسائل حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو کبھی مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہ چھوڑا ہے اور نہ ہی اس وقت اکیلا چھوڑے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں اس وقت صورتحال حال کنٹرول میں ہے اس کے باوجود کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں مسترد کرتے ہوئے انہیں ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ ضلع کے تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایک سینٹر کنٹرول روم ڈی سی آفس جبکہ تعلقہ سطح پر بھی اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکارز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر محکمہ بلدیات، پبلک ہیلتھ اور آبپاشی افسران کو بھی ہائی الرث کیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمز اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ رلیف کیمپس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور تمام مسائل مناسب طریقے سے حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں صوبائی مشیر کو کئے گئے انتظامات اور مطلوبہ اشیا کے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے ڈپٹی کمشنر و دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ گھوڑاباری، بگھان، گاڑھو، بہارا، کیٹی بندر و دیگر ساحلی علاقوں اور بچا بندوں کا تفصیلی دورا کرکے صورتحال کا جائزہ لیا. اس موقع پر پ پ پ ضلع ٹھٹھہ کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد قریشی بھی موجود تھے۔