Live Updates

صدر ، وزیر اعظم اور سیاسی رہنمائوں کا میر خلیل الرحمان مرحوم کی اہلیہ اور میر شکیل الرحمان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

ہفتہ 2 اکتوبر 2021 00:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) جنگ جیو گروپ کے بانی میر خلیل الرحمان مرحوم کی اہلیہ اور سربراہ جنگ، جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی والدہ کے انتقال پر صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزرا، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے تعزیتی بیان میں بیگم محمودہ خلیل کو انتہائی شفیق اور مرحوم شوہر کی طرح با وقار خاتون قرار دیتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے میر شکیل الرحمان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی دعائیں میر فیملی کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نیاپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اولاد کیلئے والدہ کا انتقال بہت بڑا صدمہ ہوتا ہے، انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مائیں اور بزرگ سب کے سانجھے ہوتے ہیں، وہ میر فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے بیگم محمودہ خلیل کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ گروپ کی تشکیل اور اسے اوج کمال تک پہنچانے میں مرحومہ کا کردار بہت اہم رہا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے محمودہ خلیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے بیگم محمودہ خلیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بیگم محمودہ خلیل کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہار اور میر فیملی کو تعزیت پیش کی ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے میر شکیل الرحمان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت و درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے بھی میر شکیل الرحمان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان، سیکریٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک، سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاؤ، سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، سربرا ہ قومی عوامی تحریک ایٓاز لطیف پلیجو، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، رہنما پی ٹی آئی فردوس عاشق اعوان سمیت نمایاں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے بیگم محمودہ خلیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آل پاکستان نیوزپیپر سوسائٹی نے بیگم محمودہ خلیل کے انتقال پر گہرے دکھ کاا ظہار کرتے ہوئے میر فیملی سے اظہار تعزیت اور مرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات