جج ٹوئٹر اکاؤنٹ دوبارہ بحال کرنے کیلئے کمپنی کو مجبور کریں، ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے تینوں کمپنیوں کے خلاف الگ الگ درخواستیں دیں

ہفتہ 2 اکتوبر 2021 19:20

جج ٹوئٹر اکاؤنٹ دوبارہ بحال کرنے کیلئے کمپنی کو مجبور کریں، ٹرمپ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2021ء) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ایک وفاقی جج کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ وہ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کے لیے مجبور کریں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے رواں برس جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اس وقت معطل کیا جس وہ امریکی صدر تھے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تشدد پر اکسانے کے خطرے کے پیش نظر ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تھا۔ٹرمپ نے فلوریڈا کے جنوبی ضلع میں ضلعی عدالت میں ٹوئٹر کے خلاف ابتدائی حکم امتناعی کی درخواست دائر کی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا کمپنی کو امریکی کانگریس کے رکن نے ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے لیے ’مجبور‘ کیا تھا۔

(جاری ہے)

بلوم برگ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلا کی جانب سے پیش کی جانے والی پٹیشن میں کہا کہ ٹوئٹر امریکا میں سیاسی گفتگو پر بہت تک طاقت اور کنٹرول کا استعمال کرتا ہے جو کہ جمہوری مکالمے کے لیے بے حد، بے مثال اور انتہائی خطرناک ہے۔دوسری جانب رائٹرز کی جانب سے رابطہ کرنے پر ٹوئٹر نے پٹیشن پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔سابق امریکی صدر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے سے اس پر 8 کروڑ 80 لاکھ زائد فالورز تھے اور وہ سوشل میڈیا کو بطور میگا فون کے طور پر استعمال کرتے تھے۔

عدالت میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر نے طالبان کو افغانستان میں اپنی فوجی فتوحات کے بارے میں باقاعدگی سے ٹوئٹ کرنے کی اجازت دی لیکن ان کی صدارت کے دوران ان کے ٹوئٹس کو ’گمراہ کن معلومات‘ قرار دیا۔جولائی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر، فیس بک اور الفابیٹ گوگل کے چیف ایگزیکٹوز پر بھی مقدمہ دائر کیا تھا کہ انہوں نے قدامت پسند نظریات کو غیر قانونی طور پر خاموش کیا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 2016 سے 2021 کے جنوری تک امریکا کے 45 ویں صدر رہے تھے اور انہوں نے اپنے دور میں سوشل میڈیا و ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف سخت ضوابط بھی بنائے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب پر غلط معلومات پر مبنی مواد شیئر کرتے رہتے تھے، جس پر تینوں کمپنیاں انہیں انتباہ بھی جاری کرتی رہی تھیں مگر وہ ان کے نوٹسز کو خاطر میں نہ لاتے تھے۔

تینوں کمپنیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت مکمل ہونے کے بعد ان کے اکائونٹس ترتیب وار بند کرنا شروع کیے۔ابتدائی طور پر ٹوئٹر نے جنوری 2021 کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ کا اکائونٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا تھا۔اس کے بعد فیس بک نے بھی جنوری میں عارضی طور پر ان کا اکائونٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ ماہ جون میں ہی فیس بک نے اعلان کیا کہ سابق صدر کا اکائونٹ دو سال تک معطل رہے گا۔اسی طرح یوٹیوب نے بھی جنوری 2021 کے آخر میں ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل غیر معینہ مدت تک بند کردیا تھا اور وہ 20 جنوری 2021 کو ان کی عہدہ صدارت کی مدت مکمل ہوئی تھی۔