سابق امریکی صدر ٹرمپ ٹوئٹر اکانٹ بحال کرانے کیلئے عدالت پہنچ گئے

ٹرمپ کی فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں درخواست دائر، ٹوئٹر کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع کی اپیل

اتوار 3 اکتوبر 2021 12:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2021ء) سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنا ٹوئٹر اکانٹ بحال کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فیڈرل جج کو درخواست دی ہے جس میں ٹوئٹر اکانٹ بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ٹرمپ نے فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں ٹوئٹر کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع کی اپیل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا ٹوئٹر اکائونٹ معطل کرنے کے لیے کمپنی کو امریکی کانگریس کے ارکان کی جانب سے مجبور کیا گیا تھا۔درخواست میں مزید کہا گیاکہ ٹوئٹر نے افغانستان میں طالبان کو مسلسل اپنی فتح کی ٹوئٹس سے آگاہ کرنے کی اجازت دے رکھی ہے لیکن ان کے دورِ صدارت کے دوران ہی ان کی ٹوئٹس کو سینسر کیا گیا اور ان پر غلط اطلاعات پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق سابق صدر کے عدالت سے رجوع کرنے پر ٹوئٹر کی جانب سے ردِ عمل دینے سے گریز کیا گیا ہے۔