پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے سکتا ہے: وقار یونس

جو ٹیم اعصابی دبائو کو بہتر طریقے سے سنبھالے گی وہ جیتے گی،ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو اچھی پرفارمنس دے سکتے ہیں: سابق بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 اکتوبر 2021 14:55

پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے سکتا ہے: وقار یونس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس کا خیال ہے کہ پاکستان کے پاس متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کا مناسب موقع ہے۔ وقار یونس نے یہ ریمارکس ایک انٹرویو کے دوران دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایمانداری سے یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان اپنے افتتاحی مقابلے میں بھارت کو شکست دے سکتا ہے اگر وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلے تو یہ آسان نہیں ہوگا تاہم ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ضرور ہیں جو اچھی پرفارمنس دے سکتے ہیں۔

49 سالہ سابق فاسٹ بائولر نے مزید کہا کہ جو بھی ٹیم اعصابی دبائو کو بہتر طریقے سے سنبھالے گی وہ جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے اور دونوں ٹیموں پر دباؤ ہوگا کیونکہ یہ ان کا ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ باؤلنگ اٹیک کے بارے میں بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ہم نے تمام شعبوں کو کور کیا ہے، یقینی طور پر کسی بھی سکور کا دفاع کرنے کے لیے اس بائولنگ یونٹ میں فائر پاور ہے۔

وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا بائولنگ اٹیک ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے اور ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ ہمارے پاس ہر سکور کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہے، ہم نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں ایسا کیا ، ہم نے اس سے پہلے بھی ایسا کیا ہے لہذا مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ یہ بائولنگ اٹیک کیوںکر ان پرفارمنس کی تقلید نہ کریں۔ لیجنڈری فاسٹ باؤلر نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ حسن علی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی اٹیک کے لیڈر ہوں گے ، میں سمجھتا ہوں کہ حسن موجودہ سیٹ اپ میں کسی بھی دوسرے بولر سے بہتر بائولنگ کو سمجھتا ہے اور وہ ہمارے لیڈر ہوں گے، اس کے پاس باؤلنگ میں یقینی طور پر مہارت موجود ہے کہ وہ سب سے بڑے سٹیج پر بڑی پرفارمنس دے سکے۔