بھارت نے اپنے ایٹمی سائنسدان عبدالکلام کوعزت دی ،ہمارے حکمرانو ں نے قومی ہیروکے ساتھ اچھاسلوک نہیں کیا، مشتاق احمد خان

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کووہ مقام نہیں ملاجس کے وہ مستحق تھے، ڈاکٹراے کیوخان عوام کے دلوں میں بستے ہیں قوم انھیں ملک کامحسن سمجھتی ہے دانشور،کالم نگار اورشاعرفخرالدین کیفی کی رہائشگاہ لطیف آبادحیدرآبادمیں محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان اورمشاہیر علم واًدب کے لئے دعائیہ تقریب

اتوار 3 اکتوبر 2021 20:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2021ء) دانشور،کالم نگار اورشاعرفخرالدین کیفی کی رہائشگاہ لطیف آبادحیدرآبادمیں محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان اورمشاہیر علم واًدب کے لئے دعائیہ تقریب سابق امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآباد،معروف شاعر اورکالم نگار مشتاق قمر ؔ کی زیرصدارت ہوئی، مہمان خصوصی ماہرِ لسانیات ونصابیات پروفیسر ناظم علی خان ماتلوی تھے، تقریب میں قومی ہیرو اورمحسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعاکی گئی، ڈاکٹرصفدر محموداورڈاکٹرایس ایم معین قریشی کے لئے دعائے مغفرت کی گئی، شرکاء نے تینوں شخصیات پر اظہارِ خیال کیا، مشتا ق احمدخان نے کہاکہ بھارت نے اپنے ایٹمی سائنسدان عبدالکلام کوعزت دی ،ہمارے حکمرانو ں نے قومی ہیروکے ساتھ اچھاسلوک نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کووہ مقام نہیں ملاجس کے وہ مستحق تھے، ڈاکٹراے کیوخان عوام کے دلوں میں بستے ہیں قوم انھیں ملک کامحسن سمجھتی ہے اور ان کی صحت سے متعلق فکرمندہے، ڈاکٹرصفدرمحمودمرحوم کے متعلق کہاکہ وہ ایک نظریاتی آدمی تھے بیوروکریسی سے کالم نویسی تک،تدریس سے تحقیق تک نظریہ ٴ پاکستان ،بابائے قوم بیک وقت کئی محاذوں پر جاندار کام کیاہے بلکہ کارنامے انجام دیے ہیں، ڈاکٹرایس ایم معین قریشی مرحوم ایک صاحب ِ علم آدمی تھے پھکڑپن سے پہلوتہی کرتے ہوئے مزاح سے اصلاح کاکام لیاکرتے تھے، تقریب میں پروفیسر ناظم علی خان ماتلوی،فخرالدین کیفیؔ،پروفیسر مسعودؔالرحمن ، تجمل حسین خان،میم شین عالمؔ،شاکر جمالؔ،عمران ؔاویسی ،اسلام محمد،راناشہزاداور پروفیسرحسن راشد شریک تھے، مقررین نے ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ قائداعظم نے پاکستان بنایاتھاڈاکٹرعبدالقدیرخان نے اسے ایٹمی قوت بناکربچایاہے آج ہم ہندوستان جیسے ازلی دشمن سے عبدالقدیر خان کی کوششوں اورقربانیوں کی وجہ سے محفوظ ہیں، ملک کوایٹمی قوت بنانے میں بھٹو،ضیاء الحق،غلام اسحاق جیسے کرداروں نے اہم کرداراداکیاہے اور گمنام مجاہدین جن کے نام ہمیں نہیں معلوم قوم کے محسنوں میں شامل ہیں، قائداعظم، علامہ اقبال کی طرح ڈاکٹرخان بھی قوم کے متفقہ ہیروہیں اللہ تعالیٰ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کوعمر خضر عطافرمائے، شرکاء نے ڈاکٹرصفدرمحمودمرحوم کے لئے کہاکہ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم اور تحریک ِ پاکستان اورنظریہٴ پاکستان سے متعلق گراں قدر تحقیقی خدمات انجام دی ہیںپاکستان کے متعلق کوئی غلط بات ،غلط فہمی یامغالطہ کسی صورت برداشت نہیں کرتے تھے اورتحقیق سے ببانگ دہل ردً کردیتے تھے، ڈاکٹرایس ایم معین قریشی مرحوم تہذیب کے آدمی تھے زبان کوسلیقے سے استعمال کرنے کاہنرجانتے تھے ان کی تحریروں سے علم کااظہارشگفتگی سے ہوتاتھاعالم ِ اسلام اورعالمِ عرب بالخصوص مراکش کاسفرنامہ مذہب اورادب کاحسین امتزاج کاحامل ہے جس سے ایک امت کاتصورمستحکم ہوتاہے، تینوں شخصیات میں قدرِ مشترک ادب نوازی اورکالم نگاری ہے، معروف کامیڈین عمرشریف، حیدرآبادسے وابستہ مرحوم شعراو ادبا پروفیسر عنایت علی خان ٹونکی، پروفیسر انوار احمد زئی، ریحان بنارسی، عبدالشکور آسی، شبیر احمد تابش ، خالدجہاں گیر،الیاس شاہدکے لئے بھی اس موقع پر دعائے مغفرت کی گئی، صابرایچ راجپوت نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔