حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک بار پھر حملہ

سعودی افواج نے حوثیوں کی جانب سے مملکت کی سمت بھیجا گیا ڈرون طیارہ راستے میں تباہ کر دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 اکتوبر 2021 11:07

حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک بار پھر حملہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ ، اخبار تازہ ترین ۔ 4 اکتوبر 2021 ) حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک بار پھر حملہ ناکام بناتے ہوئے سعودی افواج نے حوثیوں کی جانب سے مملکت کی سمت بھیجا گیا ڈرون طیارہ راستے میں تباہ کر دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ عوام اور شہری تنصیبات کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سنگین خطرات سے نمٹ رہے ہیں اسی سلسلے میں سعودی دفاعی افواج نے حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کی طرف بھیجا گیا ایک دھماکا خیز ڈرون طیارہ راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو سعودی عرب میں خمیس مشیط پر حوثیوں کا ایک ڈرون حملہ ناکام بنایا گیا ، حوثیوں کا ڈرون حملہ سعودی ایئر ڈیفنس کی جانب سے منگل کی شب اس وقت ناکام بنایا گیا جب حوثی باغیوں نے خمیس مشیط پر حملے کی کوشش کی ، حوثی باغیوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بارودی ڈرون راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر بھی میزائل حملہ کیا تھا ، مملکت کے دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا ، حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ مملکت کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر کیا گیا تاہم سعودی عرب کے دفاعی نظام کی جانب سے یمن کی حوثی ملیشیاء کا جازان کی طرف داغے جانے والے اس بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

ایک بیان میں عرب اتحادی فوج نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے حالیہ مہینوں میں سعودی شہری املاک کو نشانہ بنانے کی سرگرمیوں میں تیزی ہو گئی ہے تاہم بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں یمن کے اندر موجود ان حملوں کے ماسٹر مائنڈز کو ہر ممکن طور پر نشانہ بنایا جائے گا تاکہ ان حملوں کے سلسلے کو ختم کیا جاسکے۔