کم عمری میں 7 ہزار ٹی ٹونٹی رنز، بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

بابراعظم نے 26 سال 353 دن کی عمر میں 7 ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے،کوئنٹن ڈی کوک نے 28 سال 285 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا،بھارتی کپتان نے28 سال 364 دن کی عمر میں 7 ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 اکتوبر 2021 12:52

کم عمری میں 7 ہزار ٹی ٹونٹی رنز، بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اکتوبر 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی 20 کرکٹ میں تیز رفتاری سے 7000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز بننے کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز حاصل کرنیوالے کم عمر ترین بیٹسمین بھی بن گئے ہیں ۔ بابراعظم نے کرس گیل کا تیز رفتاری سے 7000 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے یہ اعزاز 187 اننگز میں حاصل کیا ۔ کرس گیل نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 11 اپریل 2015ء کو تیز ترین 7 ہزار رنز 192 اننگز میں بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جسے اب تک کوئی نہیں توڑ سکا تھا ۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی 212 اننگز میں 7000 رنز مکمل کرکے تیسرے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ 222 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کرکے چوتھے ، آسٹریلیا ہی کے ڈیوڈ وارنر 223 اننگز میں 7000 رنز مکمل کرکے 5 ویں، جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 225 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے چھٹے، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 235 اننگز میں 7000 مکمل کرکے 7 ویں، سابق آسٹریلیا بلے باز بریڈ ہوج 243 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے 8 ویں ، سابق جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈیویلیئرز 245 اننگز میں 7000 رنز مکمل کرکے 9 ویں جبکہ بھارت کے شیکھر دھون 246 اننگز میں 7000 رنز بنا کر اس فہرست میں 10 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں ۔

(جاری ہے)

عالمی کرکٹ میں بابراعظم تیز رفتاری سے 3000، 4000 اور 6000 رنز بنانیوالے بلے باز ہیں۔ ایشیائی بلے بازوں میں ان کا شمار تیز رفتاری سے 1000 اور 2000 رنز بنانے والے بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ بابراعظم نے 26 سال 353 دن کی عمر میں 7000 ٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے جس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین بلے باز بن گئے ہیں ۔ جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے رواں سال 28 سال 285 دن کی عمر میں آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی جانب سے کنگز الیون پنجاب کے خلاف یہ اعزاز حاصل کیا تھا، بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 2017ء میں 28 سال 364 دن کی عمر میں بھارت کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ۔