متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ دنیا بھر میں ایک بار پھر طاقتور ترین قرار

اماراتی پاسپورٹ کو پہلی بار دسمبر 2018 میں مضبوط ترین درجہ دیا گیا، 2019 میں اپنی ٹاپ رینکنگ برقرار رکھی لیکن 2020 میں 14 ویں نمبر پر آگئی تاہم پاسپورٹ نے 2021 میں ایک بار پھر اپنی عظمت حاصل کرلی

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 اکتوبر 2021 12:56

متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ دنیا بھر میں ایک بار پھر طاقتور ترین قرار
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا ہے ، پاسپورٹ کی مدد سے 152 ممالک میں داخلہ ممکن ہے ، 98 ممالک ویزا فری انٹری کی پیشکش کرتے ہیں ، 54 ممالک آمد پر ویزا دیتے ہیں اور 46 ممالک کے لیے ملک میں داخل ہونے سے پہلے ویزا درکار ہوتا ہے ۔ یو اے ای کے خبر رساں ادارے کے مطابق آرٹن کیپیٹل کی طرف سے جاری کردہ گلوبل پاسپورٹ انڈیکس نے سب سے زیادہ موبلٹی سکور حاصل کرنے کے لیے اسے عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رکھا ، متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کو پہلی بار دسمبر 2018 میں مضبوط ترین درجہ دیا گیا ، جب ملک نے "زید کا سال" منایا ، اس نے 2019 میں اپنی ٹاپ رینکنگ برقرار رکھی لیکن 2020 میں 14 ویں نمبر پر آگئی تاہم پاسپورٹ نے 2021 میں ایک بار پھر اپنی عظمت حاصل کرلی ، جو کہ عالمی سطح پر سب سے مضبوط ہے کیوں کہ پاسپورٹ کی مدد سے 152 ممالک میں داخلہ ممکن ہے ، 98 ممالک ویزا فری انٹری کی پیشکش کرتے ہیں ، 54 ممالک آمد پر ویزا دیتے ہیں اور 46 ممالک کے لیے ملک میں داخل ہونے سے پہلے ویزا درکار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ کا پاسپورٹ متحدہ عرب امارات کے بعد دنیا بھر میں دوسرا مضبوط ترین پاسپورٹ ہے جو 146 ممالک میں داخلے کی سہولت دیتا ہے ، جرمنی ، فن لینڈ ، آسٹریا ، لکسمبرگ ، اسپین ، اٹلی ، سوئٹزرلینڈ ، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کے پاسپورٹ ہولڈر 144 ممالک میں داخل ہو سکتے ہیں جب کہ مشرق وسطیٰ کے خطے میں اسرائیل کا پاسپورٹ متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرا مضبوط ترین پاسپورٹ ہے جو کہ عالمی سطح پر 17 ویں نمبر پر ہے ، اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 89 ممالک میں ویزا فری داخلہ اور 37 ممالک میں آمد پر ویزا ملتا ہے جب کہ 72 ممالک ایسے ہیں جہاں ملک میں داخل ہونے سے پہلے ویزا درکار ہوتا ہے۔

اسی طرح عالمی پاور رینکنگ میں 47 ویں نمبر پر موجود قطر کا پاسپورٹ خطے میں تیسرا مضبوط ترین ہے ، قطری پاسپورٹ رکھنے والوں کو 52 ممالک میں ویزا فری داخلے اور 39 ممالک میں آمد پر ویزا کی اجازت ہے ، 107 ممالک میں پیشگی ویزا درکار ہے ، دیگر علاقائی ممالک میں کویتی پاسپورٹ 50 ویں ، بحرین 52 ویں ، سعودی عرب 55 ویں اور عمان 56 ویں نمبر پر ہے جب کہ عالمی سطح پر افغانستان کا پاسپورٹ سب سے کمزور ہے ، اس کے بعد عراق ، شام ، پاکستان ، صومالیہ ، یمن ، میانمار ، فلسطینی علاقے ، اریٹیریا اور ایران ہیں۔