یومیہ 70 ہزار افراد عمرہ کر رہے ،کرونا کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں ہوا، وزارت حج

گذشتہ ماہ سعودی عرب کے بیرون سے آنے والے معتمرین کے لیے 21 ہزار ویزے جاری ہوئے،ترجمان کی پریس کانفرنس

پیر 4 اکتوبر 2021 13:34

یومیہ 70 ہزار افراد عمرہ کر رہے ،کرونا کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں ہوا، وزارت ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2021ء) سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ہشام سعید نے حرم مکی شریف میں گنجائش کو بڑھانے سے متعلق منصوبوں اور طریقوں کا جائزہ لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس میں ترجمان نے کہا کہ کرونا کی وبا کے آغاز کے بعد "محفوظ عمرہ ماڈل" کے نافذ کیے جانے پر ایک دن میں 6 ہزار معتمرین کا استقبال کیا جا رہا تھا۔

اس کے بعد اس تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جاتا رہا اور اس وقت ایک دن میں 70 ہزار سے زیادہ افراد عمرہ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں شریک تمام اداروں کے ساتھ رابطہ کاری سے مذکورہ تعداد کو بڑھانے کے لیے منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔ہشام سعید کے مطابق معتمرین میں اب تک کرونا وائرس کا کوئی ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب کے بیرون سے آنے والے معتمرین کے لیے 21 ہزار ویزے جاری ہوئے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت کے بیرون سے آنے والوں کی جانب سے ویزوں کے حصول کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ ہشام نے بتایا کہ محفوظ عمرہ ماڈل کے نافذ ہونے کے بعد اب تک تقریبا 1 کروڑ معتمرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ ان میں سعودی شہری ، غیر ملکی مقیمین اور مملکت کے بیرون سے آنے والے معتمر شامل ہیں۔