سعودی عرب ؛ غیر قانونی طریقے سے اپنے ممالک رقم بھجوانے والے 4 غیرملکی گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 13 لاکھ ریال ضبط کیے گئے، ریاض شہر کا ایک فلیٹ غیر قانونی ترسیل زر کی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اکتوبر 2021 10:55

سعودی عرب ؛ غیر قانونی طریقے سے اپنے ممالک رقم بھجوانے والے 4 غیرملکی ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب سے غیر قانونی طریقے سے اپنے ممالک رقم بھجوانے والے 4 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں تارکین وطن سے رقوم جمع کر کے مختلف طریقوں سے بیرون مملکت بھجوانے والے 4 غیر ملکیوں کو ریاض پولیس نے گرفتار کیا ، غیر قانونی ترسیل زر میں ملوث چاروں غیرملکیوں کا تعلق سوڈان سے بتایا گیا ہے۔

اس حوالے سے ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان نے ریاض شہر کے ایک فلیٹ کو غیر قانونی ترسیل زر کی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا ہوا تھا ، جن کے قبضے سے 13 لاکھ ریال ضبط کیے گئے اس کے علاوہ ملزمان اقامہ قانون کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے ، چاروں ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھرسعودی عرب میں جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث 6 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ، ریاض پولیس کے میڈیا ترجمان میجر خالد الکریدیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پیسوں کے بدلے حملے کے جرائم سے نمٹنے اور مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے سیکورٹی فالو اپ کے نتیجے میں 6 غیر ملکی رہائشیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، پاکستانی قومیت سے تعلق رکھنے والے ان ملزمان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں جوکہ مملکت میں مختلف نوعیت کے جرائم کی 15 وارداتوں میں ملوث ہیں ، ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

علاوہ ازیں مکہ مکرمہ سے گاڑی میں سوار لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے 5 اوباشوں کو گرفتار کرلیا گیا ، مکہ مکرمہ پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک شاہراہ عام پر گاڑی میں سوار لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے افراد کی شناخت کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے ، لڑکیوں کے ساتھ چھڑ خانی کرنے والے افراد کی تعداد 5 ہے جو کہ سعودی شہری ہیں اور ان سب کی عمریں 20 سال کے قریب ہیں ، ملزمان کے خلاف ابتدائی کارروائی مکمل کر نے کے بعد انہیں استغاثہ کے سامنے پیش کر دیا گیا۔