Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا 69 واں‌ یومِ پیدائش، سوشل میڈیا پر جشن

ٹویٹرپر “ہیپی برتھ ڈے خان صاحب” اور ’’ہیپی برتھ ڈے پی ایم آئی کے‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 اکتوبر 2021 11:15

وزیراعظم عمران خان کا 69 واں‌ یومِ پیدائش، سوشل میڈیا پر جشن
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اکتوبر 2021ء ) وزیراعظم عمران خان 69 برس کے ہوگئے، سالگرہ کے دن کا آغاز ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عوام نے وزیراعظم کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے، ٹویٹرپر “ہیپی برتھ ڈے خان صاحب” اور ’’ہیپی برتھ ڈے پی ایم آئی کے‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان آج 69 ویں سالگرہ منارہے ہیں ، سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے مداحوں کی جانب سےسالگرہ کی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پرعمران خان کی سالگرہ کے ٹرینڈز چھا گئے اور ہیپی برتھ ڈے وزیراعظم عمران خان ٹاپ ٹرینڈ بنا ۔ عوام نے اپنے وزیراعظم کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ عمران خان 5 اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کرکٹ کے میدان میں قدم رکھا تو پاکستان کو ورلڈکپ کا فاتح بنایا ،عمران خان کا تعلق پشتونوں کے نیازی قبیلے سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1971ء میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

خان نے 1982ء سے 1992ء کے درمیان کپتان کے فرائض بھی سر انجام دیے اور ان ہی کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔ عمران خان نے جب سماجی میدان میں قدم رکھا تو کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے ہسپتال بنایا۔ سیاست میں طویل اننگز کھیلنے کے بعد کپتان میدان پر چھاگئے اور ایک بار پھر خود کو بڑا کھلاڑی ثابت کیا یہی وجہ ہے کہ عمران خان کو سیاست کا کپتان بھی کہا جاتا ہے۔

ان کی جماعت نے خصوصا نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ تحریک انصاف نے 2013ء کے الیکشن میں خیبر پختونخوا میں اکثریت حاصل کی اور صوبائی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق میں برسراقتدار آگئی اور عمران خان 17 اگست 2018ء کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔ عمران خان نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ سمتھ سے کی جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔ 2004ء میں ان کی طلاق ہوگئی۔ پھر کپتان نے دوسری شادی 2015ء میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی۔ ان کی تیسری شادی 2018ء میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات