چودھری مونس الٰہی نے آف شورکمپنی سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا

میری کوئی آف شور کمپنی ہے اور نہ ہی کوئی خفیہ اثاثہ ہے، تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ وفاقی وزیرآبی وسائل کا پنڈورا پیپرز کے الزامات پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 اکتوبر 2021 18:57

چودھری مونس الٰہی نے آف شورکمپنی سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر آبی وسائل چودھری مونس الٰہی نے آف شورکمپنی سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ میری کوئی آف شور کمپنی ہے اور نہ ہی کوئی خفیہ اثاثہ ہے، تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پرپنڈورا پیپرز سے متعلق اپنے ردعمل میں کہا کہ میری کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے، میرے سارے اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، کوئی اثاثہ خفیہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنڈورا پیپرز کے تمام الزامات اور قیاس آرائیوں کومسترد کرتا ہوں۔ اس سے قبل ترجمان چودھری برادران کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ چودھری برادران کو ماضی میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اس سلسلہ میں مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے نام نہاد احتساب کے نام پر فائلوں کے پیٹ حقائق کے برعکس گمراہ کن مواد سے بھرے گئے اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا گیا تاکہ ان کے خلاف ان بے بنیاد اعداد و شمار کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کے تمام اثاثے قانونی طور پر ڈکلیئرڈ ہیں۔یاد رہے پانامہ پیپرز کی طرز پر ایک اور عالمی سکینڈل پنڈورا پیپرز کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، ان تفصیلات میں 700سے زائد پاکستانی بے نقاب ہوگئے ہیں جن میں وزیر خزانہ شوکت ترین ،مونس الہیٰ ،علیم خان اور فیصل واوڈا قابل ذکر ہیں جبکہ دیگر میں خسرو بختیارکے بھائی عمر بختیارعارف نقوی،راجہ نادر پرویز،محمد علی ٹبہ،میر خالد آدم، کچھ کاروباری اور بینکاری شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔

پاک فضائیہ کےسابق سربراہ عباس خٹک کے 2 بیٹوں کےنام آف شور کمپنیاں نکل آئیں جبکہ جنرل(ر)خالد مقبول کے داماد احسن لطیف، کاروباری شخصیت طارق سعید سہگل، جنرل (ر)شفاعت اللہ کی اہلیہ کے نام شامل ہیں۔ عمر بختیار نے آف شور کمپنی کے ذریعہ ایک ملین ڈالر کا اپارٹمنٹ اپنی والدہ کے نام پر منتقل کیا،عمر بختیار نے 2018 میں لندن کے علاقے چیلسی میں اپارٹمنٹ والدہ کے نام پر منتقل کیا۔ پاکستانی شخصیات میں شوکت ترین اور ان کے خاندان کے نام 4 آف شور کمپنیاں نکلی ہیں ۔ علیم خان کی 1، شرجیل میمن کی 3، علی ڈار کی 2، مونس الٰہی کی 2، فیصل واوڈا کی ایک آف شور کمپنی نکلی ہے۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے کی آف شور کمپنی بھی شامل ہے۔